سپیکر سر دار ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی ترک وزیر اعظم سے ملاقات ،ْ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق دونوں اطراف سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی ای) کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان ،ْ معاہد ہ جلد طے پانے کی امید

منگل 28 مارچ 2017 14:23

سپیکر سر دار ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی ترک وزیر اعظم ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق کی زیر قیادت پارلیمانی وفد نے ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے ‘ اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون میں فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق سپیکر ایاز صادق کی زیر قیادت پارلیمانی وفد ترکی کے چار روزہ سرکاری دورہ پر ہے۔

اس موقع پر پاکستان کے پارلیمانی وفد نے ترک وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کی جس میں دوطرفہ امور سمیت دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں اطراف سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی ای) کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور توقع ظاہر کی گئی کہ یہ معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس معاہدے کی تکمیل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون میں شراکت داری میں نمایاں بہتری آئے گی اور یہ معاہدہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کا ثبوت ہے۔ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے 23مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ترکی پاکستان کو ایک حقیقی برادر ملک تصور کرتا ہے۔

انہوں باالخصوص ملکی استحکام کے حوالے سے پاکستانی قیادت کی کاوشوں کو سراہا اور انہوں نے پاکستان کے عوام ‘ پارلیمنٹ اور سیاسی قیادت کی طرف سے 15جولائی 2016ء کو ترکی میں سنگین بغاوت کے موقع پر یکجہتی کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کے حالیہ دورہ ترکی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر ‘ باہمی سرمایہ کاری ‘ مواصلات‘ صحت‘ ذرائع ابلاغ اور ثقافت سمیت باہمی ترقی کے دیگر شعبوں میں تعاون کے حوالے سے کافی پیش رفت ہوئی ہے۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ترک وزیراعظم کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کے اظہار پر شکریہ اداکیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں جن میں دن بدن گہرائی اور وسعت پیدا ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترک حکومت کی طرف سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بنائی گئی پالیسیوں کی وجہ سے مختلف شعبوں میں ہونے والی ترقی قابل ستائش ہے۔

انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں ہر سطح پر مضبوط شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ترکی اور پاکستان کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کا یہ رشتہ آئندہ آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جاسکے۔

انہوں نے ترک وزیراعظم اور ترکی کے عوام کا کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر 23مارچ کو اسلام آباد میں پریڈ کے موقع پر ترکی کے روایتی میتر بینڈ نے شرکت کی جس کے لئے پاکستان کے عوام ترکی کے شکرگزار ہیں۔ ملاقات میں پاکستانی وفد میں شامل ارکان قومی اسمبلی محمد پرویز ملک ‘ شگفتہ جمانی ‘ سیما محی الدین جمیلی ‘ طاہرہ اورنگزیب ‘ شائستہ پرویز ملک ‘ مجاہد علی ‘ سید امیر شاہ جاموٹ اور شیخ صلاح الدین کے علاوہ ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود ‘ سیکرٹری قومی اسمبلی عبدالجبار علی سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :