(ن)کی سندھ اور پیپلز پارٹی کی پنجاب میں فعالیت چارٹر آف ڈیموکریسی کے تحت باہمی سہولت کاری ہے ‘ لیاقت بلوچ

میڈیا جاگ رہاہے اور عوام بیدار ہیں ، باری کے بخار اور فرسودہ دو جماعتی سٹیٹس کو بحال نہیں کرنے دیا جائیگا ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

منگل 28 مارچ 2017 13:57

(ن)کی سندھ اور پیپلز پارٹی کی پنجاب میں فعالیت چارٹر آف ڈیموکریسی کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور سیاسی کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ 2018 ء کے انتخابات کی آمد آمد کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی میں محاذ آرائی سیاسی انتخابی نورا کشتی ہے ، میڈیا جاگ رہاہے اور عوام بیدار ہیں ، باری کے بخار اور فرسودہ دو جماعتی سٹیٹس کو بحال نہیں کرنے دیا جائے گا ، مسلم لیگ (ن)کی سندھ اور پی پی پی کی پنجاب میں فعالیت چارٹر آف ڈیموکریسی کے تحت باہمی سہولت کاری ہے یہ آزمائے حربے اب ناکام ہوں گے ۔

این اے 126 میں معززین اور سیاسی ورکرز کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ مہنگائی و بے روزگاری عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے ۔ مہنگائی کی حالیہ شدید لہر حکومتی دعوئوں کو بے نقاب کرنے اور حکومتی ناکام معاشی حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے اعلانات بے معنی ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سود کی لعنت ، کرپشن کے سرطان کا خاتمہ بہت ضروری ہے ۔

عوام کرپشن اور کرپٹ مافیا سے نجات کے لیے متحد ہو جائیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام اسلام ، شعائر اسلام اور تحفظ ناموس رسالت کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ حکومت اس امر کو یقینی بنائے کہ سوشل میڈیا پر توہین اور گستاخی پر مبنی مواد سو فیصد ہٹا دیا جائے ۔ توہین اور گستاخی مواد اپ لوڈ کرنے والے ممالک کے سفیروں کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایاجائے ۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے ۔