سندھ حکومت نے پنجاب میں گیس لائن توسیع کے منصوبوں پراعتراض کردیا

پنجاب میں گیس نیٹ ورک کی توسیع آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی ہے، مراد علی شاہ کا وزیراعظم کو خط

منگل 28 مارچ 2017 13:51

سندھ حکومت نے پنجاب میں گیس لائن توسیع کے منصوبوں پراعتراض کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) سندھ حکومت نے وفاق کی جانب سے پنجاب میں گیس لائن توسیع کے 97 منصوبے شروع کرنے پرتحریری طور پراعتراض کردیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم نوازشریف کوخط لکھا ہے جس میں پنجاب میں گیس لائن توسیع کے 97 منصوبے شروع کرنے پرتحریری طورپراعتراض اٹھائے گئے ۔ مراد علی شاہ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق وفاق نے 37 ارب روپے کے گیس منصوبے پنجاب میں شروع کیے ہیں حالانکہ پنجاب میں گیس نیٹ ورک کی توسیع آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی ہے کیونکہ اس قسم کے منصوبوں میں توسیع پروفاقی حکومت نے خود پابندی لگائی ہے، اگرسندھ میں پابندی ہے توپنجاب میں کس طرح گیس دی جارہی ہے، سیاسی بنیادوں پر مخصوص علاقوں کو گیس فراہم کرنے سے ناراضگیاں بڑھ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ پنجاب ملک کی کل 3 فیصد گیس پیدا کرتا ہے اور42 فیصد استعمال کرتا ہے جب کہ گیس کی پیداوار کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے سندھ کونظرانداز کیا جارہا ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی سندھ میں دیہی، شہری علاقوں میں گیس دینے سے انکاری ہے، ادارے کا کہنا ہے کہ سندھ میں گیس دینے پر وفاق نے پابندی لگائی ہے، وزیراعظم گیس کی فراہمی پر یکطرفہ پابندی کو فوری ختم کرائیں، تمام رہائشی، صنعتی اور کمرشل سیکٹر کو فوری گیس فراہم کیا جائے۔