بہاریہ سورج مکھی کی بہترین پیداوار کیلئے اچھے اگائو کاحامل اڑھائی کلو بیج فی ایکڑ استعمال کرنے کی ہدایت

منگل 28 مارچ 2017 13:34

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) ما ہرین زراعت نے بہاریہ سورج مکھی کی بہترین پیداوار کے حصول کیلئے فصل کی قطاروں میں کاشت اور اچھے اگائو کاحامل اڑھائی کلو بیج فی ایکڑ استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہو ئے کہا ہے کہ کاشتکار فوری طور پر بہاریہ سورج مکھی کی کاشت مکمل کرلیں کیونکہ کاشت میں جس قدر تاخیر ہوتی رہے گی اسی قدر پیداوار بھی کم ہوتی جائیگی۔

(جاری ہے)

ماہرین نے بتایاکہ اگر بہاریہ سورج مکھی کے بیج کے اگائو کی شرح کم محسوس ہو تو فوری طور پر بیج کی مقدار میں اضافہ کر دیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ قطاروں کا درمیانی فاصلہ سو ادو فٹ سے اڑھائی فٹ اور پودے سے پودے کافاصلہ آبپاش علاقوں میں 9انچ تک اور بارانی علاقوںمیں ایک فٹ تک ہونا ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فصل کی بوائی کیلئے بیج کی قسم کا انتخاب کرتے وقت اس بات کا خیال رکھاجائے کہ وہ قسم متعلقہ علاقہ میں اچھی پیداوار دے سکتی ہے یاکہ نہیں۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار اس سلسلہ میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔