کاشتکاروں کو خریف کے چارہ جات کی کاشت فوری مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 28 مارچ 2017 13:34

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو چری ، روڈز گراس ، گنی گھاس، کلر گھاس، جنتر ، سدابہار ، گوارہ ، باجرہ، رواں ، ماٹ گراس سمیت خریف کے چارہ جات کی کاشت فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار رواں ہفتہ کے دوران خریف کے چارہ جات کی کاشت شروع کرکے اسے اپریل اور مئی کے وسط تک مکمل کرلیں تاکہ بروقت کاشت کی صورت میں اچھی پیداوار حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سدا بہار چارے کی بروقت کاشت سے کاشتکار زیادہ سے زیادہ کٹائیاں حاصل کرسکتے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ سدا بہار کو ڈیڑھ فٹ کے فاصلے پر بذریعہ ڈرل لائنوں میں کاشت کرناچاہیے اور اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ بیج زیادہ گہرا نہ ہو کیونکہ اس طرح اگائو متاثر ہوتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اچھی پیداوار لینے کیلئے برسیم اور لوسرن کی کٹائی کے بعد فوری طور پر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ ڈال کر آبپاشی بھی ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار برسیم اور لوسرن کی حسب ضرورت آبپاشی کرسکتے ہیں تاہم لوسرن کی فصل کو ہر کٹائی کے بعد ایک پانی لگانا ضروری ہے ۔