حکومت کی وسط اپریل تک خریداری مراکز کی صفائی ، مرمت و دیگر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 28 مارچ 2017 13:34

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) محکمہ خوراک نے اگلے ماہ اپریل کے آخر میں فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں شروع کی جانیوالی گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں تمام ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹرز فوڈ اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو وسط اپریل تک خریداری مراکز کی صفائی ، مرمت و دیگر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ خوراک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں جبکہ گندم کی خریداری اور باردانہ کے اجراء کے مقررہ شیڈول کااعلان جلد کردیاجائیگا۔

انہوں نے بتایاکہ ہر خریداری سنٹر پر متعلقہ ضلع کا ڈی سی او کاشتکاروں کے مسائل موقع پر حل کرنے اور دیگر شکایات کے فوری ازالہ کیلئے ایک ذمہ دار افسر کو سنٹر کوآرڈینیٹر مقرر کرے گا اسی طرح گندم کی خریداری کو شفاف اور چھوٹے کاشتکاروں کو مڈل مین کی لوٹ کھسوٹ اور کسی بھی قسم کے استحصال سے بچانے کیلئے متعلقہ ڈی سیز صاحبان کے ذریعے ڈی پی او، ای ڈی او زراعت ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کاشتکاروں کے نمائندوں پر مشتمل ضلعی کمیٹی تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر ، سب ڈویژنل پولیس آفیسر ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت و کاشتکار نمائندوں پر مشتمل تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی اور خریداری کے سلسلے میں سنٹر پر مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے متعلقہ نمبردار اور کاشتکاروں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائیگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو ہدایت کی کہ وہ سنٹرز کوآرڈینیٹرز اور معروف کاشتکاروں کے اجلاس بلا کر انہیں حکومت پنجاب کی گندم کی سرکاری خریداری پالیسی کے بارے میں بتائیں ۔انہوں نے کہا کہ معیاری گندم کی خریداری ، حفاظت اور چھوٹے کاشتکار کے مفادات کا تحفظ ہر صورت میں کرنے کیلئے خریداری کی تمام سرگرمیوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائیگی اور اس ضمن میں محکمہ خوراک پنجاب ڈی سیز صاحبان کو مکمل تعاون اور وسائل فراہم کرے گا ۔ انہوںنے کہاکہ گندم کی سرکاری خریداری پالیسی کی خلاف ورزی ،بدعنوانی اور تساہل کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ کوئی بھی مفاد پرست چھوٹے کاشتکار وں کے حقوق پر ڈاکہ نہ ڈال سکے ۔