ٹیوٹا نے صنعتی اداروں کی اپ ٹو ڈیٹ فہرستوں کی تیاری کاآغاز کردیا

منگل 28 مارچ 2017 13:34

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے صنعتی اداروں کی اپ ٹو ڈیٹ فہرستوں کی تیاری کاآغاز کردیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ہفتہ کے دوران فہرستوں کی تیاری مکمل کرکے اس کی مفصل رپورٹ پیش کریں تاکہ ہنر مند افرادی قوت اور فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو ملازمتوں و روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

ٹیوٹا فیصل آبادڈویژن کے ذرائع نے بتایاکہ قبل ازیں ٹیوٹا کے پاس فیصل آباد ریجن کی اکثریتی فیکٹریوں کا ڈیٹا موجود ہے جن میں ٹیکسٹائل مشینری ،ٹیکسٹائل پراسیسنگ ، ٹیکسٹائل گارمنٹس ، ڈائینگ ، ویونگ ، سپننگ ملز ، سرجیکل کاٹن ،شوگر ملز ،سٹارچ پراڈکٹس ، سائزنگ فیکٹریز، پاور لومز فیکٹریز ،زرعی آلات تیارکرنے والی انڈسٹریز ، آٹوپارٹس یونٹس ، بیکرز اینڈ کنفیکشنرز،سوڈیم سلیکیٹس ، ویجیٹیبل گھی اور کوکنگ آئل ملز سمیت بعض دیگر صنعتی یونٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ٹیوٹا اپنے تمام فارغ التحصیل طلباء وطالبات کو روزگارکی فراہمی کیلئے اپ ٹو ڈیٹ فہرستوں کی روشنی میں متعلقہ صنعتی اداروں سے رابطے کرے گااور اپنے فارغ التحصیل ہنر مند نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔