500 کا نوٹ جعلی ہونے سے متعلق اسٹیٹ بینک کی وضاحت

نئے ڈیزائن والے 500 روپے کے نوٹ خواہ ان پر او وی آئی پرچم ہو یا نہ ہو ،اصلی ہیں:اعلامیہ

منگل 28 مارچ 2017 13:19

500 کا نوٹ جعلی ہونے سے متعلق اسٹیٹ بینک کی وضاحت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) او وی آئی پرچم کے بغیر 500 روپے والے نوٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا کے بعض حلقوں میں خبریں گردش کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 500 روپے کا نئے ڈیزائن والا نوٹ 2006ئ میں متعارف کرایا تھا، پہلے سے مختلف سائز، ڈیزائن اور رنگ کے حامل ان نوٹوں میں جدید ترین سیکیورٹی خصوصیات موجود ہیں، بعد میں ایک اور سیکیورٹی خصوصیت بھی شامل کر دی گئی ، یعنی آپٹیکل ویری ایبل انک (او وی آئی) سے بنا ہوا رنگ بدلنے والا پرچم بھی ان نوٹوں پر ثبت کیا گیا ، تاکہ جعل سازی کی روک تھام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور عام لوگ اصل نوٹ کو بآسانی پہچان سکیں،تاہم اس کے نتیجے میں 500 روپے کے دونوں طرح کے نوٹ دستیاب ہو گئے،یعنی 2006ئ سے 2009ئ تک جاری کیے گئے بغیر او وی آئی والے نوٹ اور 25 جنوری 2010ئ سے موثر ہونے والے نوٹ جو او وی آئی خصوصیت رکھتے ہیں۔

چنانچہ تمام متعلقہ فریقوں کے مفاد میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ نئے ڈیزائن والے 500 روپے کے نوٹ خواہ ان پر او وی آئی پرچم ہو یا نہ ہو، اصلی ہیں۔