کسی کو سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کی اجازت نہیں دی جائے گی،میاں اعجازعامر

منگل 28 مارچ 2017 12:52

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) میونسپل کمیٹی رحیم یار خان کے چیئرمین میاں اعجازعامر نے کہا ہے کہ میںپورے شہر کا کسٹوڈین ہوں‘ قبضہ گروپ ہوں یا کوئی دوسرا مافیا‘ کسی کو سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہر بھر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاتفریق جاری آپریشن کے نتیجہ میں سکڑتی سڑکیں اور بازار کشادہ اور کھلے ہوگئے ہیں جس سے عوامی مسائل میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں سیوریج اور ناجائز تجاوزات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر لیتے ہوئے ان کے حل کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں‘ سرکاری افسران اور مختلف دوسری جگہوں پر کام کرنے والے میونسپل کمیٹی کے سو سے زائد ملازمین کو واپس بلا کر انہیں اصل ڈیوٹی سونپی گئی ہے۔

(جاری ہے)

میونسپل کمیٹی میں کرپشن کا خاطر خواہ حد تک تدارک کردیاگیا ہے اگر شہری اور میڈیا کو میونسپل کمیٹی کی کسی بھی برانچ میں کرپشن کی شکایت ہو تو وہ میرے نوٹس میں لائے۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد میونسپل کمیٹی میں اپنے پہلے سو دنوں کی کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ شائع کی جائے گی اور ان کاوشوں اور اقدامات سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا جو عوام کی بہتری اور شہر کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یارخان کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے شہر کی تعمیروترقی ‘ خوبصورتی اور عوام کی بہتری کیلئے میونسپل کمیٹی کے اقدامات اور کاوشوں کو ہمیشہ مثبت انداز سے رپورٹ کیا ہے جس پر وہ ان کے شکر گذار ہیں۔