Live Updates

پے در پے ٹرین حادثات اور حکومت کا رویہ انتہائی شرم اور افسوس کا مقام ہے۔ عمران خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 مارچ 2017 11:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 مارچ2017ء) : پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے شیخوپورہ ٹرین حادثے کی مذمت اور حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پے در پے ٹرین حادثات اور حکومت کا رویہ انتہائی شرم اور افسوس کا مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت ریلوے کراسنگ پوائنٹ محفوظ نہ بنا سکے اس سے اور کیا توقع کی جا سکتی ہے؟ ریلوے کے وزیر کا اپنی وزارت کے معاملات سے کوئی لینا دینا ہی نہیں ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے وزیر کو چرب زبانی اور شریفوں کی غلامی زیادہ بھاتی ہے۔ ریلوے کا وزیر کبھی ببر شیروں سے دھمکاتا ہے اور کبھی ججز کی تضحیک کرتا ہے۔ زندگیاں بچانے سے زیادہ ریلوے کے وزیر کو وزیر اعظم اور ان کے خاندان کو بچانے کی فکر ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ حادثے کی ذمہ داری ملازم پر ڈال کر بڑوں کو بچانا قبول نہیں کریں گے۔

ریلوے کے وزیر کو اپنے محکمے کی حالت دیکھ کر حیا آنی چاہئیے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد از جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ یاد رہے کہ گذشتہ رات کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس ٹرین کا شیخوپورہ کے مقام پر آئل ٹینکر سے خوفناک تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں متعدد بوگیاں نذرآتش ہوئیں۔ حادثے میں تاحال چار افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ متعدد زخمی مسافروں کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :