محمد نواز شریف اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں انہوں نے تمام صوبوں بشمول سندھ کے لوگوں سے بھی ہمیشہ اپنا رابطہ برقرار رکھا ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کی ٹیلی ویژن پروگرام میں گفتگو

پیر 27 مارچ 2017 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ یہ ریکارڈ کی بات ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں انہوں نے تمام صوبوں کے لوگوں بشمول سندھ کے لوگوں سے بھی ہمیشہ اور ہر صورت اپنا رابطہ برقرار رکھا ہے۔ 2013ء میں انتخابات کے وقت جہاں جہاں جس جس جماعت کو عوامی مینڈیٹ ملا وزیراعظم محمد نواز شریف نے نہ صرف ان کا احترام کیا بلکہ انہیں حکومت بنانے کا بھی موقع دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام ’’نشاندہی‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب چونکہ ہم الیکشن کے سال میں جا رہے ہیں اور ان لوگوں کو چار چار سال تک موقع بھی ملا ہے جس دوران ہماری وفاقی حکومت نے سندھ کو دیگر صوبوں کی طرح تمام سہولیات بھی فراہم کی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی یہ لوگ وہاں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی نہیں کر سکے اور ڈلیور کرنے میں ناکام ہوئے ہیں جس کی مثال کراچی اور حیدر آباد کے کچرے کے ڈھیروں سے واضح ہوتی ہے کہ جو حکومت کراچی اور حیدر آباد کے کچرے کے ڈھیر نہ اٹھا سکی ہو ان سے عوام اور کیا توقع کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں جو ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں اہم و موثر اقدامات بھجی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف تمام صوبوں کو یکساں آنکھ سے دیکھتے ہیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف پہلے بھی سندھ میں جاتے رہے ہیں اورکراچی، حیدرآباد سمیت صوبہ سندھ کے دیگر شہروں کا بھی دورہ کرتے رہے ہیں، عوامی مسائل کے حل کے سلسلے میں ہی وزیراعظم محمد نواز شریف اب بھی سندھ گئے ہیں جہاں ان کا شاندار اور پرتپاک خیرمقدم کیا گیا جہاں ایک بھرپور ورکر کنونشن کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں وہاں کے مقامی لوگوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے اپنی بھرپور شکایات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ چار سالوں میں وہاں ڈلیور نہیں کر پائی اور اسی چیز کو دیکھتے ہوئے ہم وہاں گئے اور لوگوں کو بتایا کہ وہ تنہا نہیں بلکہ ہم ان کے ساتھ ہیں اور انشااللہ ان کے مسائل کو حل کریں گے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وفاقی حکومت سندھ سمیت تمام صوبائی حکومتوں سے بھرپور تعاون کر رہی ہے اور سندھ میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے کی-فور منصوبہ بھی وفاقء حکومت نے ہی شروع کیا ہے جبکہ گرین لائن منصوبہ بھی وفاقی حکومت نے ہی دیا ہے اور اس کے علاوہ تھر کے منصوبے پر بھی بھاری فنڈز سندھ کو دئیے گئے ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ یکساں اور ایک جیسا سلوک کر رہی ہے تاکہ ملکی عوام خوشحال ہو۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی روشنیاں بھی وفاقی حکومت نے ہی بحال کی ہیں اور وہ کراچی جہاں روز لاشیں گرتی تھیں آج وہاں امن و امان ہے اور سرمایہ کار دوبارہ کراچی میں بھرپور سرمایہ کاری کر رہے ہیں جو ملکی ترقی و خوشحالی میں ممدومعاون ثابت ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پیلز پارٹی کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں اور یہ بہتر ہوگا کہ انہیں پنجاب میں آنے سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی گڈ گورننس بولتی ہوئی نظر آئے گی جو ان کے لیے ایک اچھا موقع بھی ہوگا کہ یہ لوگ پنجاب کو رول ماڈل بنا کر سندھ میں لوگوں کو ڈلیور کر سکیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) جہاں بھی جائے گی ترقی و خوشحالی لے کر آئے گی۔