سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر قیادت پارلیمانی وفد کی انقرہ میں ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات،دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،سردار ایاز صادق نے ترک ہم منصب اسماعیل خرمان سے بھی ملے، ترک حکومت، عوام اور پارلیمنٹ کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا

پیر 27 مارچ 2017 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر قیادت پارلیمانی وفد نے انقرہ میں ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے آزاد تجارت کے معاہدے کیلئے ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد دونوں ممالک کی قیادت کے ویژن کے مطابق اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر انہوں نے قبرص اور کشمیر سمیت ایک دوسرے کے قومی موقف کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ بن علی یلدرم نے یوم پاکستان کی پاکستانی وفد کو مبارکباد دی اور کہا کہ ترکی پاکستان کو اپنا حقیقی بھائی تصور کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جولائی 2016ء میں ترکی میں ہونے والی فوجی بغاوت کے خلاف پاکستان کی قیادت، پارلیمنٹ اور عوام کی طرف سے یکجہتی کو سراہا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مثالی تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر ترکی کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر مضبوط شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر ترکی کی قیادت اور وزیراعظم بن علی یلدرم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے 23 مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ میں ترکی کے روایتی مہتر بینڈ کی شرکت پر بھی پاکستان کے عوام کی طرف سے اظہار تشکر کیا۔ پاکستان کے پارلیمانی وفد میں ارکان قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، شگفتہ جمانی، سیمہ محی الدین جمیلی، طاہرہ اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک، مجاہد علی، سید عامر علی شاہ جاموٹ اور شیخ صلاح الدین شامل تھے۔ ملاقات میں ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود، سیکرٹری قومی اسمبلی عبدالجبار علی اور قومی اسمبلی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد انور سیال بھی موجود تھے۔

دریں اثناء سردار ایاز صادق نے ترکی کے اپنے ہم منصب اسماعیل خرمان سے ملاقات میں ترکی کی حکومت، عوام اور پارلیمنٹ کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ ترکی کی پارلیمنٹ میں پہلے دونوں رہنمائوں کے درمیان ون آن ون اور پھر وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترکی کی پارلیمنٹ کے سپیکر نے سردار ایاز صادق کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے پارلیمانی لیڈر ہیں جنہوں نے 15 جولائی 2016ء کی رات کو انہیں ٹیلیفون کر کے ترکی میں ہونے والے غیر قانونی اقدام کے خلاف پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ سردار ایاز صادق نے فوجی بغاوت کے خلاف تاریخی مزاحمت پر ترکی کے عوام اور انکے جمہوری نمائندوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں ترکی کی پارلیمنٹ کے سپیکر نے پاکستان کے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسماعیل خرمان کے ہمراہ ترکی کی پارلیمنٹ کا وہ حصہ بھی دیکھا جسے 15 جولائی 2016ء کی رات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ قبل ازیں سردار ایاز صادق اور ان کے وفد نے مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور ترک جمہوریہ کے بانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سپیکر نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مصطفیٰ کمال اتاترک کی مثالی قیادت کو سراہا۔