سندھ اسمبلی ؛کراچی و حیدر آباد کی نجی جامعات کے ناموں کی تبدیلی سے متعلق ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی ، حیدر آباد یونیورسٹی محترمہ فاطمہ جناح و کراچی یونیورسٹی مولانا عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب

پیر 27 مارچ 2017 23:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) سندھ اسمبلی نے پیر کو الطاف حسین یونیورسٹی حیدرآباد ایکٹ 2014ء اور الطاف حسین یونیورسٹی کراچی ایکٹ 2014ء میں ترامیم کی علیحدہ علیحدہ متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ اب حیدر آباد کی اس یونیورسٹی کو محترمہ فاطمہ جناح اور کراچی کی یونیورسٹی کو مولانا عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔

ایوان کی کارروائی کے دوران وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے پوائنٹ آف آرڈر پر اسپیکر سے استدعا کی کہ وہ بعض بلوں کو متعارف کرانے اور کچھ بلوں کی منظوری کے لیے ایوان میں ضمنی ایجنڈا پیش کرنا چاہتے ہیں، اس لئے قواعد و ضوابط میں نرمی کرتے ہوئے انہیں اس کی اجازت دی جائے۔ اسپیکر نے انہیں اس کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں جامعات کے قیام سے متعلق قانون سازی ہماری پرانی روایت ہے، ہم صوبے میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ چاہتے ہیں تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل لوگ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔

اعلیٰ تعلیم کے ادارے قائم ہونا بہت اچھی بات ہے، جس وقت کراچی اور حیدر آباد میں یہ دونوں جامعات کے قیام سے متعلق بل ایوان میں منظوری کے لیے آیا تھا تو یہ مطالبہ بھی کیا گیا تھا کہ ان دونوں یونیورسٹیوں کا نام الطاف حسین کے نام پر رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سندھ کا دارالحکومت اور حیدر آباد صوبے کا دل ہے لیکن جو شخص اپنی زمین اور اس مٹی کو عزت نہ دے اور اس کا پاس نہ رکھے، اسے یہ زمین اور مٹی بھی کبھی عزت نہیں دے سکتی۔

بعد ازاں وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے دونوں یونیورسٹیوں کے ناموں کی تبدیلی سے متعلق تترمیمی بل ایوان میں باری باری پیش کئے اور شق وار ان کی منظوری حاصل کی۔ بعد ازاں کراچی اور حیدر آباد کی ان پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے ناموں کی تبدیلی سے متعلق ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔