بلوچستان میں تیل وگیس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے،سیکرٹری خزانہ اکبر حسین درانی

پیر 27 مارچ 2017 23:57

کوئٹہ۔27مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) سیکرٹری خزانہ اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تیل وگیس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور اس مد میں صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان انرجی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری انرجی خلیق نظر کیانی، سیکریٹری معدنیات ومعدنی ترقی صالح بلوچ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سیکریٹری خزانہ نے بتایاکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تیل وگیس کے شعبے ترقی کے لئے ضروری ہے کہ بلوچستان انرجی کمپنی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے جبکہ اس مد میں آئندہ مالی سال بجٹ میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے خصوصی درخواست کریں گے کہ اس مد میں خاطر خواہ فنڈز رکھے جائیں۔

(جاری ہے)

تاکہ تیل وگیس کے شعبے میں سرمایہ کاری، ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو اس مد میں معلومات وآگاہی ودیگر تکنیکی معاملات میں معاونت فراہم کی جاسکے جبکہ کمپنی کو فعال کرنا وقت کی عین ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وچیف فنانس منیجر کی تقرری کے لئے جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اس کے لئے ملکی اور غیرملکی ماہرین کی درخواستیں طلب کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :