لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہوں گے

پیر 27 مارچ 2017 21:30

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہورہے ہیں، جس کے لئے لاڑکانہ ڈویزن کے پانچ اضلاع لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور سمیت دادو ضلع کی دو تحصیلوں کے این شاہ اور میہڑ سے تعلق رکھنے والے نویں اور دسویں جماعت کے 81552 طلبہ و طالبات امتحانات میں حصہ لیں گے جن کے لیے 135 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں اور 22 وجیلنس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جہاں پر آج نویں جماعت کے سندھی کا پیپر لیا جائے گا، جس میں 41850 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کاشف علی ٹیپو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ہدایات پر نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں کاپی کرنے امیدواروں، کاپی کروانے والے انویجیلیٹر، کاپی میں مدد کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرتے ہوئے اس کا پرچہ متلوی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے جس پر امیدواروں کو عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت والدین سے اپیل کی کہ کاپی کلچر کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ تعاون کیا جائے تاکہ جلد از جلد کاپی کلچر کا خاتمہ کیا جائے۔