الطاف حسین کا پاکستان مخالف خط بانیان پاکستان اور ہمارے آبائو اجداد کی قربانیوں کو بیچنے کے برابر ہے، عمران اسماعیل

الطاف حسین یہ بھول چکا ہے کہ کس طرح ہمارے آبائو اجداد نے اپنا گھر ، کاروبار سب کچھ چھوڑ کر پاکستان ہجرت کی الطاف حسین کو بتا دینا چاہتے ہیں پاکستان کے شہری اپنے آبائو اجداد کا خون بکنے نہیں دیں گے، انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 27 مارچ 2017 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے پاکستان مخالف خط کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کا پاکستان مخالف خط بانیان پاکستان اور ہمارے آبائو اجداد کی قربانیوں کو بیچنے کے برابر ہے۔

الطاف حسین یہ بھول چکا ہے کہ کس طرح ہمارے آبائو اجداد نے اپنا گھر ، کاروبار سب کچھ چھوڑ کر پاکستان ہجرت کی اور ہجرت کے دوران کس طرح ان پر ظلم کیا گیا ان کے قافلے لوٹے گئے۔ ہم الطاف حسین کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے شہری اپنے آبائو اجداد کا خون بکنے نہیں دیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ نرسری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی ریجن کے صدرفردوس شمیم نقوی ، جنرل سیکریٹری سردار عبد العزیز ، ندیم میمن،زرین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار گہری نیند میں ہیں ۔ انہیں نظر نہیں آرہا کہ پاکستان کے خلاف کیا سازشیں کی جا رہی ہیں۔ شریف برادران اور ان کے حواریوں کی کرپشن نظر نہیں آتی تو کم از کم حسین حقانی اور الطاف حسین جیسے ملک کے غداروں کے خلاف ہی کاروائی کرلیں۔

اس موقع پر کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی ہمیشہ الطاف حسین کے ساتھ پارٹنر شپ رہی ہے اس لئے آج تک الطاف حسین کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہیں کی۔ کراچی اور پاکستان میں رہنے والا ہر شہری اچھی طرح جانتا ہے کہ الطاف حسین نے اس شہر کے ساتھ کیا ظلم کیا ہے۔ ہم شروع وقت سے یہی کہتے آرہے ہیں کہ الطاف حسین صرف غدار ہی نہیں قاتل اور مجرم بھی ہے۔

اس موقع پر گزشتہ دنوں تحریک انصاف کی جانب سے پی ایس 127کے سابق امیدوار ندیم میمن کے اغوا ہونے کے واقعہ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کو یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ کسی دوسرے شخص کو اغوا اور ہراساں کرے۔ سندھ بھر میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے تحفظ میں ناکام نظر آتے ہیں ۔کرپشن اور لوٹ مار میں مصروف حکمرانوں کو عوا م کی جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں۔

شرجیل میمن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ڈی جی رینجرز کے ترجمان کا یہ بیان تھا کہ شرجیل میمن کے گھر سے 2ارب روپے کیش بر آمد ہوئے ہیں اور آج یہی رینجرز شرجیل میمن کو پروٹوکول دے رہی ہے۔ ہم ڈی جی رینجرز سے یہ سوال کرنا چاہتے ہیں کہ آخر حقیقت کیا ہے اگر شرجیل میمن چور ہے تورینجرز اسے پروٹوکول کیوں دے رہی ہے۔ شرجیل میمن اور پیپلز پارٹی کی کرپشن سے پاکستان کا بچہ بچہ واقف ہے۔ پاکستان تحریک انصاف روز اول سے کرپشن کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے اور انشاء اللہ جب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہو جاتا تحریک انصاف چین سے نہیں بیٹھنے والی۔