محکمہ انسداد تجاوزات نے ناظم آباد میں تجاوزات کا خاتمہ کردیا

پیر 27 مارچ 2017 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے شہریوں کو تجاوزات کے باعث مسائل سے نجات دلانے کے لئے تجاوزات کے خلاف مہم کو تیز کرتے ہوئے ناظم آباد نمبر 1 میں جہانگیر آباد نزد ملت پارک یوسی نمبر49 ، کباڑی مارکیٹ اور ارد گرد کے علاقے میں سڑک اور فٹ پاتھ سے بڑی تعداد میں فرنیچر، کائونٹرز، میزیں، الماریاں، بیڈز ،لکڑی کے کٹ پیس اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کردیا، اس آپریشن کی نگرانی سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات محمد نذیر لاکھانی نے کی جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر کامران علوی، ڈپٹی ڈائریکٹر سعید وارثی، ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور اقبال اور محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ آپریشن کے دوران موجود تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات نے ناظم آباد نمبر 1 میں یوسی نمبر49 اور کباڑی مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے سڑک اور فٹ پاتھ سے تجاوزات کاخاتمہ کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو بہتر کردیا اور ساتھ ہی فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کردیا اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات محمد نذیر لاکھانی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مہم بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی تاکہ تجاوزات مافیا کی حوصلہ شکنی ہوسکے اور شہری اپنے روزمرہ امور بہتر طور پر انجام دے سکیں، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف یہ کارروائی علاقہ مکینوں کی درخواست پر کی گئی اس کارروائی سے علاقے میں ٹریفک کی روانی میں نمایاں طور پر بہتری آئی ہے، تجاوزات کے خلاف مہم میں بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں اور کاروباری برادری کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے کیونکہ اس مہم کا مقصد شہر میں جگہ جگہ قائم تجاوزات کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا خاتمہ کرنا اور بہتر ماحول مہیا کرنا ہے جس میں کاروباری برادری سکون سے اپنا کام کرسکے اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات نہ ہوں۔