میئر کراچی سے دعوت اسلامی کے وفد کی ملاقات، فیضان مدینہ کے اطراف تجاوزات کے جلد از جلد خاتمے کی درخواست

پیر 27 مارچ 2017 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) میئر کراچی وسیم اختر سے دعوت اسلامی کی مجلس رابطہ کے سربراہ یوسف سلیم نے مجلس رابطہ کے ارکان یحییٰ عطاری، عبدالرحمن عطاری اور بغداد رضا کے ہمراہ ملاقات کی اور فیضان مدینہ نزد پرانی سبزی منڈی کے راستے میں قائم تجاوزات کے جلد از جلد خاتمے کے لئے اقدامات کرنے کی درخواست کی ، انہوں نے بتایا کہ دعوت اسلامی کے تحت کراچی بھر میں 12 مقامات پر ہفتہ وار اجتماعات منعقد ہوتے ہیں اور اس بات کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے کہ شہریوں کو اس دوران کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے کیونکہ مسلمانوں کو تکلیف دینا اسلام کی خدمت نہیں دعوت اسلامی کی کوشش ہوتی ہے کہ ایسے مواقع پر لوگوں کی بھرپور شرکت بھی یقینی بنے اور کسی کو اس سے تکلیف بھی نہ ہو، میئر کراچی وسیم اختر نے سربراہ مجلس رابطہ دعوت اسلامی یوسف سلیم اور وفد کے دیگر ارکان کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پورے شہر میں جہاں جہاں تجاوزات قائم ہیں ان کے خاتمے کے لئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے اور فیضان مدینہ کے راستے سے بھی ہرقسم کی تجاوزات ختم کی جائیں گی، انہوں نے وفد کو پیشکش کی کہ فیضان مدینہ میں اجتماعات کے موقع پر احتیاطی اقدام کے طور پر کے ایم سی اپنا ایک فائرٹینڈر مختص کرسکتی ہے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے اس کے علاوہ بھی جس قسم کا تعاون درکار ہو فراہم کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی کے تحت منعقد ہونے والے اجتماعات میں شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے اور لوگ اپنی زندگیوں کو اسلامی شعار کے سانچے میں ڈھالنے اور اپنی عاقبت سنوارنے کے لئے ان اجتماعات میں جوق درجوق شرکت کرتے ہیں جہاں انہیں قلبی اور روحانی سکون میسر آتا ہے، میئر کراچی نے انہیں یقین دلایا کہ فیضان مدینہ سمیت دعوت و تبلیغ سے متعلق تمام دینی مراکز کو خواہ وہ شہر کے کسی بھی علاقے میں واقع ہوں ہرممکن بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ سو روزہ صفائی مہم کے دوران اور اس کے بعد بھی یہ کوشش کی گئی ہے کہ خاص طور پر مساجد اور دینی اجتماعات کے دیگر مقامات کے اطراف صفائی ستھرائی کا بہتر انتظام کیا جائے تاکہ نمازیوں اور اجتماعات کے شرکاء کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ باآسانی اپنے مذہبی فرائض ادا کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :