سیالکوٹ، مختلف ٹریفک حادثات میں ڈیڑھ سالہ بچے سمیت 3افراد جاں بحق، متعدد شدید زخمی

پیر 27 مارچ 2017 21:20

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) مختلف ٹریفک حادثات میں ڈیڑھ سالہ بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد شدید زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ مرالہ روڈ نواں منڈ سٹاپ کے پاس پیش آیا جہاںڈیڑھ سالہ حذیفہ ولد وحید عباس اپنے والدین کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک نامعلوم وجہ سے موٹر سائیکل سے گر گیا اور پیچھے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی بچے کے جسم سے گزر گئی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے حذیفہ موقع پر ہی دم توڑ گیاجبکہ متعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بچے کی نعش قبضہ میں لے کر کاروائی شروع کردی۔

،دوسراحادثہ شیرپور سٹاپ کے پاس پیش آیاجہاں دو موٹر سائیکل سوار تیزرفتاری کی وجہ سے آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 20سالہ محمد نواز ولد غلام حسین اور18سالہ عمیر احمد ولد احمد اسلام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

دیگر حادثات میںچوک علامہ اقبال کے پاس نامعلوم موٹر سائیکل کی ٹکر سی45سالہ شفقت بی بی،رنگ پورہ چوک کے پاس دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں70سالہ فجل کریم،لاری اڈا چوک میں نامعلوم موٹر سائیکل کی ٹکر سے پیدل سڑک پار کرنے والی70سالہ ملک اشرف،ستراہ روڈ موٹر سائیکل سے گر کر30سالہ سیدنجم الحسن،اگوکی موڑ موٹر سائیکل پیدل چلتے آدمی سے ٹکرانے سی40سالہ محمد ریاض،وزیرآباد روڈ کنال سٹی سکیم کے پاس رکشہ اور موٹر سائیکل کے تصادم میں22سالہ طیب ،53سالہ اسلم اور62سالہ مجاہد،پیرو چک کے پاس موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں27سالہ اشفاق احمد شدید زخمی ہو گئے۔

معمولی زخمیوں کو ریسکیورز نے موقع پر ہی طبی امداد دی جبکہ شدیدزخمیوں کو ریسکیوایمبولینس میں طبی امداد دیتے ہوئے مزید علاج معالجے کے لئے سیالکوٹ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :