تحصیل ناظم اور نائب ناظم ایبٹ آباد کا ٹی ایم اوکا نیو سبزی منڈی کا دورہ

سڑک منڈی کی پیچھے سے تعمیر کی جائے، منڈی کے ساتھ ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے، تاجروں کا مطالبہ

پیر 27 مارچ 2017 21:20

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحاق ذکریا نے تحصیل نائب ناظم شجاع احمد، ٹی ایم او دانش اقبال، اسسٹنٹ ٹیکس سپرنٹنڈنٹ فراست اور تحصیل ممبر مجتبیٰ حسن کے ہمراہ نیو سبزی منڈی کا دورہ کیا اور سبزی منڈی کے تاجروں سے ملاقات کی۔ سبزی منڈی یونین کے صدر عدیل احمد اور سیکرٹری محمد ذکریا نے تاجروں کے ہمراہ تحصیل ناظم و ممبران کو خوش آمدید کہا اور ان کو سبزی منڈی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر تاجروں نے منڈی کے متعلق مسائل بتائے جس میں تاجروں نے مطالبہ کیا کہ این ایچ اے سے بات کی جائے کہ وہ سڑک منڈی کی سائیڈ سے چوڑا کرنے کے بجائے اس کے پیچھے سے سڑک بنائے کیونکہ سبزی منڈی کے ساتھ ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے، سبزی منڈی کی انٹری پوائنٹ پر روڈ بیلنس نہیں ہے جس کی وجہ سے آئے روز حادثات ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحصیل ناظم سے مطالبہ کیا کہ ہمیں شیڈ بنانے کی اجازت دی جائے کیونکہ بارش اور دھوپ میں ہماری ساری سبزیاں اور پھل خراب ہو جاتے ہیں، دکانوں کے اوپر کمرے بنانے کی اجازت دی جائے تاکہ تاجر سکون سے اپنا کاروبار چلا سکیں۔

انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ کرایہ کے جو معاملات ٹی ایم اے کے ساتھ چل رہے ہیں وہ گفت وشنید کے ساتھ حل کئے جائیں کیونکہ ہم حکومت کے ساتھ کسی قسم کے اختلافات نہیں چاہتے، یونین کے سیکرٹری نے یونین آفس کا بھی مطالبہ کیا۔ یونین کے سیکرٹری نے تحصیل ناظم و انتظامیہ ٹی ایم اے نے سبزی منڈی میں سٹریٹ لائٹس اور باتھ روم بنانے پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ تحصیل ناظم و نائب ناظم ہمارے مسائل و مطالبات جلد ہی حل کریں گے۔

تحصیل ناظم نے تاجروں کے جائز مطالبات پورے کرتے ہوئے ناجائز تجاویزات کو ختم کر کے شیڈ بنانے اور یونین کیلئے نئے دفتر بنانے کی بھی منظوری دی اور سبزی منڈی کیلئے نئے کوڑا دان لگوانے کی بھی ہدایت جاری کیں جس پر سبزی منڈی کے تاجروں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔