تحصیل کونسل ہری پور اجلاس میں ممبران گتھم گتھا، غیر پارلیمانی زبان کے استعمال پر کوڈ آف کنڈکٹ کمیٹی کا اجلاس طلب

پیر 27 مارچ 2017 21:20

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) تحصیل کونسل ہری پور کے اجلاس میں ممبران ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے، غیر پارلیمانی زبان کے استعمال پر کوڈ آف کنڈکٹ کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا، اجلاس کو غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سوموار کو تحصیل کونسل ہری پور کا اجلاس تقریباً ڈیڑھ ماہ کے وقفہ کے بعد شروع ہوا، اجلاس کے شروع ہوتے ہی ممبر تحصیل کونسل صداقت عباسی جنہوں نے احتجاجاً اجلاس کا بائیکاٹ کر رکھا تھا، نے سید احسن شاہ کی جانب سے نظر انداز کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اسی دوران ناظم طارق خان، ذوالفقار قریشی اور دیگر ممبران صداقت عباسی کو مناتے ہوئے ہائوس کے اندر لے گئے، اسی دوران ممبر تحصیل کونسل حزب الله خان کے خطاب کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پر صداقت عباسی نے ماحول کو ایک مرتبہ پھر گرما دیا جس کی وجہ سے ارکان اٹھ کھڑے ہوئے اور آپس میں گتھم گتھا ہو گئے، ایسے میں سید احسن شاہ اور دیگر ممبران نے بیچ بچائو کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سید احسن شاہ نے معاملہ کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر اس معاملہ کو کوڈ آف کنڈکٹ کمیٹی کے سپرد کیا اور اجلاس کو غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا۔ اس سے قبل اجلاس جب شروع ہوا تو حاضر ممبران نے ایجنڈے کے مطابق اجلاس کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متعدد قراردادیں بھی پاس کیں۔ اجلاس سے تیمور خان، ذوالفقار قریشی، ملک حق نواز ناجی، سید حلیم پاشا اور ارشاد خان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔