حیدرآباد،چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈاسمال انڈسٹری کے وفد کی وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات

ملاقات کے وقت وفاقی وزیر ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق اورمحترمہ سینیٹر راحیلہ مگسی بھی موجود تھے

پیر 27 مارچ 2017 21:12

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈاسمال انڈسٹری کے ایک نمائیندہ وفد نے صدرمحمد اکرم انصاری کی سربراہی میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مگسی ہائوس میں ملاقات کی ، ملاقات کے وقت وفاقی وزیر ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق اورمحترمہ سینیٹر راحیلہ مگسی بھی موجود تھے ۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کو حیدرآباد کے عوام اور تاجر برادری کو درپیش مسائل جن میں یونیورسٹی کا قیام ، حیدرآباد کے ائرپورٹ کی بحالی ، ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال کے قیام ، ایف بی آر کی جانب سے آئے دن آڈٹ نوٹسس کا اجراء، پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے امپورٹرز کا مال بلاجواز روکنے ، ماحولیاتی ایجنسی کی جانب سے فیکٹریوں کو بند کرنے اور اُن پر اپنے اپنے ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کرنے کے لئے دبائو ڈالنے جیسے مسائل شامل تھے پیش کئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان نے تمام مطالبات بغور سننے اور انہیں جلد از جلد یہ مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور تاجر برادری کے وفد کو کہا کہ وہ سینیٹر راحیلہ مگسی سے رابطہ میں رہیں اور گورنر سندھ محمد زبیر عمر سے بھی ملاقات کریں اور ایک سہ رکنی کمیٹی کی تشکیل کا وعدہ کیا اور محترمہ راحیلہ مگسی کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کیں جس پر وفد نے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔

وفد میں صدر کے علاوہ سابق صدور چیمبر آف کامرس الحاج محمد امین کھتری ، حاجی محمد یعقوب ، سینئر نائب صدر سکندر علی راجپوت ، نائب صدر دولت رام اور ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی ندیم احمد صدیقی بھی موجود تھے ۔ وفد نے تاجر برادری کی آواز وزیر اعظم تک پہنچانے میں بھرپور مدد کرنے کے سلسلے میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر محترمہ راحیلہ مگسی کا دلی شکریہ ادا کیا ۔