جامعہ سندھ جامشورو، طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے اور حادثے کی صورت میں فوری طبی امداد کے لیے ایمرجنسی سینٹر قائم کیے گئے ہیں

پیر 27 مارچ 2017 21:10

حیدرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) جامعہ سندھ جامشورو میں طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے اور حادثے کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے ایمرجنسی رسپانس سینٹر اور کیمپس فیسلیٹیشن سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ جامعہ سندھ کے علامہ آئی آئی قاضی سینٹرل لائبریری کے عقب میں واقع ہال میں قائم سیل ایمرجنسی رسپانس سینٹر اور کیمپس فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کیا۔

ایمرجنسی رسپانس سینٹر میں طلباء کے لیے دو الگ کائونٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں کسی بھی قسم کی پریشانی کی صورت میں طلباء اپنی شکایات درج کر سکتے ہیں، جس پر فوری عمل کیا جائے گا۔ ایمرجنسی رسپانس سینٹر کو جامعہ کے پانچوں صدر دروازوں پر واقع چوکیوں سے منسلک کیا جائے گا تاکہ کسی حادثے یا ہراسمنٹ کی کوشش پرملزم کیمپس سے فرار نہ ہونے پائے۔

(جاری ہے)

ایمرجنسی رسپانس سینٹر وائس چانسلر کے ایڈوائیزر ڈاکٹر امیر علی ابڑو اور ڈائریکٹر کیمپس سکیورٹی ثناء اللہ لاشاری کی زیر سرپرستی کام کرے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ کیمپس فیسلیٹیشن سینٹر کے قیام سے طلباء کے تمام مسائل یہیں سے حل کیے جائیں گے اور انہیں اے سی ٹو آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے متعلقہ عملداران کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی رسپانس سینٹر اور کیمپس فیسلیٹیشن سینٹر کے باہر ایک ایمبولنس 24 گھنٹے موجود ہو تاکہ حادثے کی صورت میں مریض کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی عملے کو تربیت کی ضرورت ہے، تاکہ ہدایات ملتے ہی وہ ان پر فوری عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی گاڑیاں کیمپس یا اے سی ٹو کی طرف آتی ہیں، انہیں مکمل طور پر چیک کیا جائے، چاہے وہ گاڑی وائس چانسلر کی ہو یا رجسٹرار کی۔

ڈاکٹر برفت نے کہا کہ وہ عملی زندگی میں برابری کے قائم ہیں، اس لیے طلباء ہوں، استاد ہو یا رجسٹرار گاڑیوں کو اپنے نمبر سے چیک کرنے کے بعد کیمپس اور اے سی ٹو کی طرف چھوڑا جائے۔ بعد میں وائس چانسلر نے آرٹس فیکلٹی میں سابق وائس چانسلر سید غلام مصطفیٰ شاہ کے دور میں تعمیر کی گئی مسجد کے مرمتی کام کا بھی جائزہ لیا اور اس کی اصلی صورت میں بحالی کے بعد اس کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر جامعہ کی بہتری و خوشحالی کے لیے دعا بھی مانگی گئی۔ مذکورہ مسجد میں 25لوگوں کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے، جس کی بحالی کا کام ڈائریکٹر مینٹیننس محمد حفیظ ابڑو نے دن رات ایک کرکے مکمل کروایا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پروکیورمنٹ محمد معشوق صدیقی نے مسجد کی کھڑکیوں اور دروازوں کے باہر اپنے ذاتی خرچے سے جالیاں لگوانے کا اعلان کیا۔ تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد سلیم چانڈیو کے علاوہ اساتذہ، افسران و ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :