کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت رنگ روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں اہم جائزہ اجلاس

پیر 27 مارچ 2017 21:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں اہم جائزہ اجلاس کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر راولپنڈی عظمت محمود نے کی۔ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے نمائندگان ثنا ء مسعود ،صفیہ شفیق، عظمی الطاف ، جی ایم نیسپاک دانش رضا، چیف انجینئر آر ڈی اے سید اختر بخاری کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

کمشنر عظمت محمود نے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی روٹ ڈایزائننگ کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ اس پروجیکٹ کے لئے زمین خرید کر اس پر کام شروع کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک کی طرف سے دی جانے والی تجاویز کو مد نظر رکھ کر روٹ کی ڈیزائننگ مکمل کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر سے راولپنڈی شہراور گرد و نواح کے علاقوں کی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں کافی مدد ملے گی اور مسافروں کونئے ایئر پورٹ سے باآسانی اور کم وقت میںاپنی منزل پر پہنچنے کے علاوہ لاہور سے جی ٹی روڈ کے ذریعے پشاور اور راولپنڈی / ا سلام آباد آنے جانے والی ٹریفک کے لیے بھی کافی آسانی ہو گی ۔

انہوں نے بتایا کہ اس روڈ کی تعمیر کے لیی9894کنال اراضی درکار ہو گی اور اس پراجیکٹ کو دو سال کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا۔ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے نمائندگان نے اجلاس میں بتایا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک راولپنڈی رنگ روڈ کی زمین کی خریدار ی اور دیگر اخراجات کے سلسلے میں قرضہ جات کی فراہمی کے لئے تیار ہے اور راولپنڈی رنگ روڈ کی ڈیزائننگ میں معاونت کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کی ڈایزائننگ جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ اس کی پراجیکٹ کے لئے فنڈز جاری کئے جا سکیں۔