ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی اسلام آباد میںغیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء خوردو نوش کی فروخت کیخلاف مہم جاری

پیر 27 مارچ 2017 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء)مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی اسلام آباد میںغیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء خوردو نوش کی فروخت کے خلاف مہم جاری ہے تاکہ شہریوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری اشیاء فراہم کی جا سکیں۔

گذشتہ دوہفتوںخصوصی طور پر تشکیل دی گئیں ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں شہر بھر میں چھا پے مار کر ملا وٹ شدہ اور حفظا ن صحت کے اصولوں کے منا فی کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کا روائیاں عمل میں لاتی رہی تاکہ معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنا یا جا سکے۔مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر جاری اس مہم کے دوران گزشتہ ہفتہ ان ٹیموں نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں کا روائیاں کر کے پاکستان پبلک پیور فوڈ آرڈیننس 1969کی کے بر عکس اشیاء ِ خورد و نوش فروخت کرنے پر67 افراد کے چالان جبکہ 57افراد کو نوٹسسز بھی جاری کئے۔

(جاری ہے)

مختلف کاروئیوں کے دوران خصوصی طور پر تشکیل دی گئی ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے 45لیٹر غیر معیاری اور زائد المعیاد مشروبات، 50لیٹر غیر معیاری کوکنگ آئیل اور دیگر حفظان صحت کے اصولوں کے منا فی اشیاء کو قبضے میں لے کر تلف کردیا ۔ مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے نے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف شہر بھر میں کا روائیاںجاری رکھی جائیں تاکہ لوگوں کو صاف ستھری اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حفظان صحت کے اصولوں اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کا روائی کی جائے اور اس ضمن میں انہیں روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے۔