کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے اٹک میں مردم شماری ، انتظامات اور آپریشن رد الفساد پر پیش رفت کا جائزہ لیا

مردم شماری کے انعقاد اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی آرمی ، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پنجاب رینجرز کے حکام کی کارکردگی کی تعریف

پیر 27 مارچ 2017 21:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے اٹک میں مردم شماری ، انتظامات اور آپریشن رد الفساد پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے آرمی ، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پنجاب رینجرز کے حکام کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے پیر کو اٹک میں مردم شماری کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہیں مردم شماری کے انعقاد اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں مردم شماری کے ریجنل اور مقامی حکام ، سول انتظامیہ اور پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ مردم شماری کے عملے کے کام کر سراہتے ہوئے کور کمانڈر نے مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور آرمی چیف کی ہدایات کے مطابق مردم شماری کے عملے کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

کمانڈر راولپنڈی کور نے آپریشن رد الفساد کے حوالے سے بھی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ انہیں اٹک میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کئے گئے آپریشنز دہشتگردوں اور شر پسندوں کی گرفتاری کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی ، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پنجاب رینجرز کے حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بلا تفریق آپریشن پر زور دیا تاکہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی کی لعنت کا خاتمہ کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :