الطاف حسین نے پاکستان کے حوالے سے جو زہر افشانی ہے اس کی ہم پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، عمران اسماعیل

الطاف حسین اور حسین حقانی کو فوری طور پر گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے انھیں غداری کے الزام میں موت کی سزا دی جائے

پیر 27 مارچ 2017 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے پاکستان کے حوالے سے جو زہر افشانی ہے اس کی ہم پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ الطاف حسین اور حسین حقانی کو فوری طور پر گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے انھیں غداری کے الزام میں موت کی سزا دی جائے اگر الطاف حسین کے خلاف حکومت نے فوری کوئی کارروائی نہیں کی تو ہم سمجھیں گے کہ حکمران الطاف حسین سے ملے ہوئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر شمیم نقوی، سردار عزیز خان، اور ملیر کے علاقے سے اغواء ہونے والے تحریک انصاف کے مقامی رہنما ندیم میمن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے الطاف حسین کے حوالے سے جو قرار داد منظور کی گئی باالکل ٹھیک ہے کسی یونیورسٹی کانام ملک کے غدار کے نام سے نہیں ہونا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ ہم وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو بھی جھنجھوڑ کر کہہ رہے ہیں کہ وہ الطاف حسین اور ملک کے دیگر غداروں کے حوالے سے خاموشی اختیار نہ کریں اور پاکستان کے دشمنوں کو پہچانیں۔

انھوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے لئے جتنی قربانی اردو بولنے والوں نے دی ہے کسی اور نے نہیں دی ہم بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں، الطاف نے مودی سے مدد مانگ کر اردو بولنے والوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے اردو بولنے والے بکائو مال نہیں جو کبھی الطاف جیسے غداروں کی باتوں میں آئیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حسین حقانی الطاف حسین کا چیف ایڈوائرر بنا ہوا ہے، اسے بھی فوری طور پر گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ہم اپنے پاکستانی ہونے فخر کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ شرجیل میمن سے زیادہ کوئی کرپٹ آدمی نہیں ہے میں ڈی جی رینجرز سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اربوں روپے کی چوری کرنے والے شخص کو کیوں تحفظ فراہم کیا جارہا ہے جبکہ سابقہ ڈی جی رینجرز نے خود اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا تھا کہ شرجیل میمن کے گھر سے دوارب روپے برآمد ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ یہ بات سب لوگ جانتے ہیں کہ شرجیل میمن جس کے پاس موٹر سائیکل نہیں تھی وہ آج دبئی میں محلوں کا مالک اور اربوں پتی ہے۔

اس کے پاس پاکستان اور سندھ کے عوام کا لوٹا ہوا پیسہ ہے ، یہ اتنا کرپٹ آدمی ہے کہ خودپیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمرالزمان کائرہ نے اس کے حوالے سے کوئی بات کرنے سے انکار کردیا تھا۔ آج اسے پروٹوکول دیا جارہا ہے۔ ندیم میمن نے کہا کہ میں اپنے گھر سے واک کے لئے نکلا تھا مجھے چار سے پانچ افراد نے اغواء کرلیا اور ڈبل کیبن گاڑی میں مجھے بجار ہائوس لے گئے، اور مجھے دودن قید رکھنے کے بعد اس شرط پر چھوڑ دیا کہ میںان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کروں گا۔ اور تحریک انصاف کے بجائے ان کا ساتھ دوں۔ نے اغواء کاروں کے خلاف مقامی تھانے میں ایف آئی آر درج کروادی ہے۔شمیم نقوی نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ این اے 251 میں دھاندلی کے حوالے سے سپریم کورٹ نے ایکشن لے لیا ہے۔