ضلعی انتظامیہ نے پشاورکے مختلف علاقوں میں کاروائی کرکے 67گرانفروش کوگرفتارکرلیا

پیر 27 مارچ 2017 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء)ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کاروائی کر تے ہوئے 67گرانفروشوں کو گرفتار کر لیا جبکہ چارسدہ روڈ پرفلنگ سٹیشن کے منیجر کو مقرر مقدار سے کم پٹرول ڈالنے پر گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور ثاقب رضا اسلم کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیاض شیرپائو نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجمن صارفین سید بادشا ہ کے ہمراہ کاروائی کر تے ہوئے چارسدہ روڈ پر مختلف کباب شاپس کی چیکنگ کی۔

سرکاری ریٹ سے زیادہ پر فروخت کر نے پر 5 کباب فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ انھوں نے مزید چیکنگ کر تے ہوئے چارسدہ روڈ پر کم وزن روٹی اور گرنفروشی پر 8 افراد کو گرفتار کیا۔ انھوں نے چارسدہ روڈ پر مختلف فلنگ سٹیشنوں کی چیکنگ کرتے ہوئے ایک فلنگ سٹیشن میں کم مقدار ڈالنے پر منیجر کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عمران خان نے جنرل بس سٹینڈ میں چیکنگ کر تے ہوئے ناقص صفائی اور خوراک پر برہمی کا اظہار کر تے ہوئے 15افراد کو گرفتار کر لیاجبکہ انھوں نے گلبہار کے علاقے میں مختلف دکانوں کی چیکنگ کی۔

کم وزن روٹی ، ملاوٹ شدہ چائے اور سرکاری ریٹ سے زیادہ پر فروخت کر نے پر انھوں نے مزید 17 افراد کو گرفتار کر لیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبدالنبی اور سید شاہ زیب نے حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں کی چیکنگ کی۔ سرکاری نرخ سے زیادہ پر فروخت کر نے پر 22 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ کاروائی کے دوران مختلف مارکیٹوں سے دودھ کے نمونے تجزیے کے لیے حاصل کر لیے گئے۔ پشاور کے مختلف علاقوں سے گرفتار افراد میں سبزی و فروٹ فروش، نانبائی، جنرل سٹور مالکان، پختہ چائے فروشان ، قصاب اور دیگر شامل ہیں انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔