مستقبل قریب میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان نہیں،آئی سی سی کے اپریل میں ہونے والے اجلاس میں بگ تھری کے خاتمہ پر مزید پیش رفت ہوگی، عبدالحفیظ کاردار سکول چیمپئن شپ کا فائنل ٹی وی پر براہ راست دکھانے کی کوشش کرینگے،چیئرمین شہر یار خان

پیر 27 مارچ 2017 21:00

لاہور۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اپریل میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں بگ تھری کے خاتمہ کے معاملہ پر مزید پیش رفت ہوگی اور اس سلسلہ میں پی سی بی اپنا موقف واضح طور پر پیش کرچکا ہے ۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی بی بگ تھری کے خاتمہ کے حق میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مستقبل قریب میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان نہیں ہے۔ اگست میں بنگلا دیش دورے سے قبل مالی معاملات پر بات کریں گے۔ بنگلا دیش ٹیم کے دورہ نہ کرنے کی وجہ سیکیورٹی خدشات نہیں۔ قبل ازیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں عبدالحفیظ کاردار سکول کرکٹ چیمپئن کی تقریب رونمائی کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپریل کے پہلے ہفتے سے ملک بھر میں عبدالحفیظ کاردار سکول چیمپئن شپ کا آغا ز ہورہا ہے جس میں ملک بھر کے ریجنز کے 700گورنمنٹ اور پرائیویٹ سکولز کی 360ٹیمیں حصہ لیں گی اور جون کے آخری ہفتے اس کا فائنل منعقد کروائیں گے ۔

(جاری ہے)

ہماری کوشش ہوگی کہ اس کا فائنل ٹی وی پر براہ رست دکھایا جائے ۔اگلے سال 1000سے زائد سکولز کی ٹیموں کو اس ٹورنامنٹ میں شامل کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ سکولز ٹورنامنٹ کے انعقاد سے تعلیم یافتہ کرکٹرز سامنے آئیں گے جبکہ اس کے بعد کلب چیمپئن شپ کا بھی انعقاد ہوگا اور اگلے سال یونیورسٹی چیمپئن شپ ہوگی ۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ گراس روٹ سطح پر سرگرمیوں سے قومی ٹیم کو نیا ٹیلنٹ حاصل ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے مذید مواقع فراہم کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں ایس لائن گیند کو استعمال کیا جائے گااوراگر یہ استعمال میں بہتر ثابت ہوا تو پھر اسکو مستقل طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ بنادیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ ریجنز کا سارا خرچہ پی سی بی اٹھاتا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ریجنز اسپانسر شپ حاصل کریں ۔

ہم نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ گراس روٹ لیول پر زیادہ سے زیادہ گرائونڈ مہیا کرے تاکہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی زیادہ سے زیادہ سرگرمیوں کا انعقاد ہوسکے ۔پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہاکہ پی سی بی نے سکول چیمپئن شپ کے لئے 8کروڑ کے قریب فنڈز رکھے ہیں اور مستقبل میں ہماری کوشش ہوگی کہ اس ٹورنامنٹ کے لئے بھی اسپانسر شپ حاصل کریں ۔

ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ ایزد سید کا کہنا تھا کہ سکول چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے 9000کھلاڑیوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا گیا ہے اور آئی ڈی کارڈ کے بغیر کوئی بھی کھلاڑی چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکے گا ۔زائد العمر 700کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے ۔اوور ایج کے معاملہ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ چیمپئن شپ کے ابتدائی میچز 25سے 30اوورز کے ہوں گے جبکہ فائنل میچز 50اوورز کے ہوں گے ۔