کوہاٹ،پیرسباق میں ملزمان نے گھرمیں گھس کر نوجوان کوقتل کردیا

پیر 27 مارچ 2017 23:54

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) نوشہرہ کے علاقے پیر سباق برہ خیل میں ملزمان نے گھر میں گھس کر پچیس سالہ نوجوان کوفائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے۔ وجہ عناد مستورات کاتنازعہ ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق فیاض احمد ولد فضل گل ساکن محلہ برہ خیل پیر سباق نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشہرہ میں پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بھائیوں عادل محمد، طلاء محمد اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھا۔

اور میرا پچیس سالہ بھتیجا آیاز محمد ولد زر محمدساکن برہ خیل پیر سباق اپنے گھر کے دروازے کے ساتھ کھڑ اتھا کہ اس دوران ملزمان مطالب خان ولد سعید خان، انور صدیق، حامد اور عامر پسران مطالب خان ساکنان پیر سباق اسلحہ سے مسلح آئے اور میرے بھتیجے آیاز محمد پر گھر سے باہر فائرنگ شروع کردی۔

(جاری ہے)

میرا بھتیجا اپنی جان بچاتے ہو گھر میں داخل ہوا اور اپنے کمرے کی طرف جار ہاتھا کہ تمام ملزمان ہمارے گھر میں داخل ہوئے اور عامر اور حامد نے اپنے اسلحہ سے میرے بھتیجے آیاز محمد پر فائرنگ شروع کردی جس سے وہ لگ کر شدید زخمی ہوگیاجس کوفوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ لایاگیا۔

جہاں سے اس کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ ملزمان ارتکاب جرم کے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق وجہ عناد مستوارت کا تنازعہ بتایا جاتا ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔