شادی کی تقریبات کے دوران گھر کی چھت گرنے سے دوبچے اورایک خاتون جاں بحق، دلہن سمیت4خواتین زخمی

پیر 27 مارچ 2017 23:53

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) سخاکو ٹ کے نواحی گائوں مرشاخیل میں شادی کی تقریب ماتم کدہ میںتبدیل ہو گئی۔ کمرے کی چھت گرنے سے دو بچے اور ایک خاتون جاں بحق جبکہ دلہن سمیت چار خواتین شدید زخمی ہو گئے ۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق سوات کے ایک ہی خاندان سے ہے۔تفصیلات کے مطابق سخاکوٹ کے قریبی گائوں مرشاہ خیل میں ولیمے کے دن دلہن کے کمرے کی چھت گرنے سے دو بچوں اور ایک خاتون سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے ہیں ۔

علی الصبح مہمان اور گھر والے دلہن کے کمرے میں چائے پینے میں مصروف تھے کہ اس دوران کمرے کی چھت اچانک منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں شادی میں شرکت کے لئے سوات سے آنے والے مہمان جن میں مسماة( ن) زوجہ باچہ روم ، عبید ولد محمد ناصر ، اکاشہ ولد عظمت علی ساکنان رحیم آبادمینگورہ شامل ہیں ملبے تلے دب کر موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ آسماء بی بی دختر بختی روم ، مسماة( رب ) زوجہ فضل غنی ساکنان سوات ، مسماة(ن ج ) زوجہ بخت نواب اور دلہن مسماة( ن ) زوجہ عقل نوازساکنان مرشا خیل سخاکوٹ شدید زخمی ہو گئے ہیں جن کو ابتدائی طبی امداد کے لئے درگئی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلع ناظم ملاکنڈ سید احمد علی شاہ باچہ ، تحصیل ناظم عبد الرشید بھٹو ،تحصیل نائب ناظم حاجی اعظم خان ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی عالمگیر خان ، صوبیدار تھانہ سخاکوٹ غفور خان ، محرر ثانی گل، ناظم ویلج کونسل سخاکوٹ بازار ساجد حسین مشوانی ، الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار ،قاضی رشید احمد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کام میں حصہ لیا ۔اس موقع پر ضلعی ناظم سید احمد علی شاہ باچہ نے متاثرہ خاندان اور گھر کے سربراہ بخت نواب سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ضلعی حکومت کی جانب سے ہرممکنہ تعاون کا یقین دلایا ۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی عالمگیر خان نے کہا کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی جانب سے متاثرہ خاندان کیساتھ امداد کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :