کوہاٹ پولیس کا سرچ آپریشن، چار اشتہاری اوردومنشیات فروشوں سمیت68جرائم پیشہ افراد گرفتار

پیر 27 مارچ 2017 23:52

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب چار اشتہاریوں اور دو منشیات فروشوں سمیت 68مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کارروائی میں زیر حراست لئے گئے افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمد کرلئے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کے احکامات کی روشنی میں عدالتوں سے اشتہاری قرار دئیے گئے سنگین مقدمات میں ملوث مجرمان اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے حامل افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔

آپریشن کے اس تسلسل میں ضلعی پولیس نے گزشتہ روز کی کاروائی میں مختلف مقامات پر چھاپہ زنی اور تلاشی آپریشن کے دوران قتل و اقدام قتل کے علاوہ دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب چار اشتہاریوں اور منشیات کے مکروہ دھندے کے مرتکب دو منشیات فروشوں پرویز خان سکنہ محمد زئی،سید رضا سکنہ استرزئی پایاں،محمد سلیم عرف عالم سکنہ چکر کوٹ ،آصف علی سکنہ مرئی بالا ،ماجد خان سکنہ بلی ٹنگ اور اسرار الدین ساکن محمد زئی سمیت 68مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،دو ریپیٹر، چار بندوق،تین رائفل،پندرہ پستول،بائیس چارجرز،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس ،سات کلو گرام چرس اور تین بوتل دیسی شراب برآمد کرلئے۔

(جاری ہے)

آپریشن میں گرفتار افراد کو متعلقہ تھانوں میں بند کرکے اسلحہ و منشیات رکھنے کے الزام میں بعض ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ دیگر مشتبہ افراد کو چھان بین کے بعد رہ کردیا گیا ہے۔مزید برآں پولیس نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر کے مختلف شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندیوں کے سلسلے میں بغیر نمبر پلیٹ 480موٹر سائیکلوں اور کالے شیشوں والی دس گاڑیوں کو تحویل میں لیکر چھان بین کے بعد ان گاڑیوں کے مالکان کو چالان کرکے بھاری جرمانے عائد کر دیئے ہیںاور قانونی دستاویزات پیش کرنے کے بعد اکثر موٹر سائیکلیں مالکان کے حوالہ کردی گئی جبکہ بعض مشکوک موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں مزید قانونی کاروائی کیلئے تھانوں میں بند کردئیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :