کینیا کے ہائی کمشنر کا ایف پی سی سی آئی کا دورہ

پیر 27 مارچ 2017 23:51

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) کینیا کے ہائی کمشنر جیولس کیبٹ بٹاک نے ایف پی سی سی آئی کا دورہ کیا اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب صدر عرفان احمد سروانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے متعلق معاملات پر بات چیت کی گئی۔ عرفان احمد سروانہ نے کینیا کے سفیر کو خوش آمدید کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کی باہمی تجارت سے فروغ سے متعلق سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان کینیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور تجارت کے نئے مواقع دریافت کرنے کا خواہاں ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

عرفان احمد سروانہ نے مزید کہاکہ پاکستان اور کینیا کے درمیان 1960ء کی دہائی سے سفارتی تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت بتدریج بڑھ رہی ہے اور اس وقت تقر یبا ً 628 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے جو کہ کینیا کے حق میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی چائے کی کل درآمد کا 40 فیصد کینیا سے درآمد کرتا ہے جو کہ مصر اور UK کے بعد تیسرا بڑا درآمد کنندگان ہے۔

عرفان احمد سروانہ نے تجارتی وفود کے تبادلے اور باہمی بنیادوں پر نمائشوں کے انعقاد پر زور دیا۔ ہائی کمشنر کینیا نے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان احمد سروانہ کا شکریہ ادا کیا اور نئی مصنوعات کی منڈیوں کی تلاش اور خریداروں کی تلاش کے لئے نمائشوں کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی پاکستانی شہری پر کینیا کا دورہ کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے کیونکہ کینیا کی ویزا پالیسی بہت لبرل ہے جو کہ پاکستانیوں کو ائیر پورٹ پہنچنے پر ویزا جاری کرتی ہے۔ انہوں نے فیڈریشن کے اراکین کو کینیا کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔