متروکہ املاک پر ناجائز قبضے ختم کروانے کے لئے کارروائی کی جائے گی، آئندہ انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے، صدیق الفاروق

پیر 27 مارچ 2017 23:51

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) چیئرمین متروکہ املاک ٹرسٹ بورڈ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ سندھ میں بورڈ کی بڑی تعداد میں املاک پر ناجائز قبضہ ہے جس کو واگذار کروانے کے لئے رینجرز کی مدد لی جائے گی، اس سلسلے میں جلد وزیر اعلی سندھ سے ملاقات بھی کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پنچاب ہائوس کراچی میں بورڈ کے 310 ویں اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ کے دوران کیا۔

صدیق الفاروق نے مزید کہا کہ متروکہ املاک پر قابضین اور بعض اداروں سے واگذار کروانے کے لئے سندھ حکومت کو خط بھی لکھا تھا لیکن اس کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن وامان قائم کرنے کے لئے وفاقی حکومت نے موثر اقدامات کئے ہیں اس لئے آئندہ انتخابات میں سندھ کے عوام کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین متروکہ املاک نے کہا کہ صوبہ سندھ میں وزیر اعلی سید مراد علی شاہ کی کارکردگی اچھی ہے، ان سے گزارش کروں گا کہ متروکہ املاک کو قابضین سے واگذار کروانے کے لئے بورڈ کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں تقریباً 2 ہزار ایکڑ زمین بورڈ کی ملکیت ہے جبکہ بعض املاک کے حوالے سے عدالتوں میں کیس چل رہے ہیں۔ چیئرمین بورڈ نے سوالات کے جواب میں کہا کہ آئندہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور عوام اسی جماعت کو ووٹ دیں گے جس نے کراچی سمیت ملک بھر میں امن قائم کرنے کے علاوہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا، وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت نے ملکی مفاد میں بہترین پالیسیاں بنائیں اور توانائی بحران کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :