پشاور، جماعت اسلامی کے وفدکا جمعیت علماء اسلام ف کے عالمی اجتماع کے پنڈال کا دورہ

پیر 27 مارچ 2017 23:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) جماعت اسلامی کے ایک نمائندہ وفد نے جمعیت علماء اسلام ف کے اپریل میں ہونے والے عالمی اجتماع کے پنڈال کا دورہ کیا جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت سابق ممبرقومی اسمبلی و صدر شعبہ تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بختیار معانی ، سابق صوبائی وزراء حافظ حشمت خان ، کاشف اعظم چشتی ، نائب امیر مولانا مسیح گل بخاری ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ ، امداد خان خلیل اور دیگر کررہے تھے وفد کا استقبال جمعیت علماء اسلام ف کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک ، سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی ، مولانا رفیع اللہ ، شمس الرحمن شمسی،ارباب فاروق نے کیا ۔

وفد کو عالمی اجتماع عام کے انچارج مولانا رفیع اللہ نے نقشے کے ذریعے اجتماع گاہ میں بنے مختلف سپارٹ کے بارے میں بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام ف کا یہ عالمی اجتماع اُمت مسلمہ کے اتحاد اور اتفاق کے لیے پیش خیمہ ثابت ہوگی اور اس طرح کے مذہبی اجتماعات وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے اجتماع عام کے تجربات اُن کے ساتھ شیئر کیئے اور اجتماع میں ہرقسم کے تعاون کا یقین دلایا ۔آخرمیں جماعت اسلامی کے نائب امیر مولانا مسیح گل بخاری نے دُعا کرائی اور کہاکہ اللہ تعالیٰ اس عالمی اجتماع عام کو کامیاب بنائیں اور ملک اور صوبے میں امن اور محبت کا ذریعہ بنائیں ۔