ٹی وی چینلز پر غیراخلاقی مواد کی نشریات روکنے کا معاملہ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیرمین پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن کو طلب کرلیا ،سماعت چار اپریل کو ہوگی

پیر 27 مارچ 2017 23:47

ٹی وی چینلز پر غیراخلاقی مواد کی نشریات روکنے کا معاملہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) ٹی وی چینلز پر غیراخلاقی مواد کی نشریات روکنے کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیرمین پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن کے صدرمیاں عامر محمود کو طلب کرلیا،کیس کی آئندہ سماعت چار اپریل کو ہوگی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹی وی چینلز پر غیراخلاقی مواد کی نشریات روکنے کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے چیرمین پی بی سی کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم جاری کردیا،سابق سیکرٹری ہائیکورٹ بارایڈووکیٹ وقاص کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی، جسٹس شوکت صدیقی نے چیرمین پیمرا ابصار عالم کو کہا کہ آپ کے بارے میں جو تاثر ہے کہ آپ ایک چینل کو ترجیح دیتے ہیں، اسے زائل کریں،جس پر ابصار عالم نے عدالت کو بتایا کہ جس چینل کے بارے میں تاثر ہے اس میں صرف 15 ماہ کام کیا، 10 سال پہلے چھوڑ چکا ہوں،جسٹس شوکت صدیقی نے چیرمین پیمرا ابصار عالم سے سوال کیا کہ بتائیں ٹی وی چینلز پر فحاشی اور غیراخلاقی سرگرمیاں روکنے کیلیے کیا اقدامات کیے،جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ٹی وی پر چلنے والے غیر اخلاقی مواد روکنے کیلئے پی بی اے سے بات کررہے ہیں،، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سوال کیا کہ پی بی اے حکام کو بھی بلا لیں کون ہے عہدیدارجس پرچیرمین پیمرا ابصار عالم نے عدالت کو بتایا کہ میاں عامر محمود چیئرمین پی بی اے ہیں، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے آئندہ سماعت پر چیرمین پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن کے صدرمیاں عامر محمود کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4اپریل تک ملتوی کردی۔

(مہرعلی خان)

متعلقہ عنوان :