پرائیوٹ اسکول مالکان نے تعلیم کو ایک منافع بخش کاروبار بنا رکھا ہے :ذکر اللہ مجاہد

کامیاب قومیں تعلیم کو کبھی بھی تجارت نہیں بناتیں نجی تعلیمی اداروںنے تعلیم کے نام پر لوٹ مار مچا رکھی ہی: امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 27 مارچ 2017 23:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ تعمیر و ترقی اور تربیت میں تعلیم بنیاد ی حیثیت رکھتی ہے بدقسمتی سے ہمارے ملک میںپرائیوٹ سکول مالکان نے تعلیم کو ایک منافع بخش کاروبار بنا رکھا ہے کہ اب وہ اپنے سرمایے کا نفع والدین سے سود سمیت لینا اپنا حق سمجھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوںنے دفتر جماعت اسلامی لاہورمیں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب قومیں تعلیم کو کبھی بھی تجارت نہیں بناتیں نجی تعلیمی اداروںنے تعلیم کے نام پر لوٹ مار مچا رکھی ہے اورحکومتی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملکی تعلیمی نظام تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومتوں کی تعلیم کے شعبے میں دلچسپی اور اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگا جاسکتا ہے کہ ملک میں خواندگی کی شرح بڑھنے کی بجائے ، کم ہوتی جا رہی ہے جو ایک قابل افسوس ناک امر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے متوسط طبقے اور سفید پوش والدین کے لیے بچوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب بھی ہمارے 50فیصد سے زائد بچے ا سکولوںسے باہر ہیں جن کی بنیادی وجہ غربت اور سرکاری اسکولوں میں سہولیات کا فقدان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا ۔ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نجی تعلیمی اداروں کی اجارہ داری اور عوام دشمن پالیسیوں کا سد ے باب کرے تاکہ ہر امیر اور غریب کا بچہ تعلیم حاصل کر سکے ۔