عقائد کو مسخ کرنے والوں سے اظہاربیزاری کرتے ہیں ،عوام اہل علم سے مربوط مدارس دینیہ کو مضبوط بنائیں: شیعہ علما ء

شرپسند خطیب ،بھٹکے نام نہاد ذاکرین بیرونی ایجنڈے کے تحت تشیع کو بدنام کررہے ہیں خود ساختہ عقائد مذہب حقہ کی توہین،اسلام کی نفی کے مترادف ہے، جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی آیت اللہ حافظ ریاض نجفی،علامہ ساجد نقوی ، علامہ شیخ محسن نجفی کی نگرانی میں 12۔رکنی کمیٹی کی تشکیل ، جامعتہ المنتظر میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ

پیر 27 مارچ 2017 23:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) ملک بھر سے شیعہ علما ء نے مفسر قرآن علامہ محسن علی نجفی کی زیر صدارت اجلاس میں کچھ عناصر کی طرف سے عقائدتشیع کو مسخ کرکے پیش کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اظہاربیزاری کیا اور عوام پر زوردیا کہ وہ اہل علم سے مربوط ہوکر مدارس دینیہ کو مضبوط بنائیں۔جبکہ آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی،قائد ملت جعفریہ علامہ سیدساجد علی نقوی ،اور علامہ شیخ محسن نجفی کی نگرانی میں 12۔

رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جوعقائد کو مسخ کرکے پیش کرنے کی قبیح سازشوں روکنے کے لئے اقدامات تجویز کرے گی۔جامعتہ المنتظر میں ہونے والے اس اجلاس میں علامہ محمد حسین نجفی، علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، علامہ محمد جمعہ اسدی، علامہ محمد افضل حیدری اور ملک بھر سے دیگر بزرگ علما نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں توحید و رسالت اور دیگر مسلمہ عقائد کو مسخ کرکے پیش کرنے والوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ تشیع کے عقائد کی درستگی اور تشریح کے لئے ذمہ دار علما سے رجوع کریں اورمکتب اہل بیت کی بدنامی کا باعث نہ بنیں۔

اجلاس میں نام نہاد عناصر کی طرف سے منبر حسینی کے غلط استعمال اور سادہ عوام کو اسلام کے نگران مجتہدین اورمراجع تقلید کے خلاف اکسانے پربھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔اور واضح کیا گیا کہ شرپسند خطیب اور چندبھٹکے ہوئے نام نہاد ذاکرین بیرونی ایجنڈے کے تحت تشیع کو بدنام کررہے ہیں، اور ایسے عقائد کو مسخ کرکے خود ساختہ انداز سے پیش کررہے ہیں، جن کا اسلام ،پیغمبر اکرم اور ان کے جانشینوں کی تعلیمات اور عقائد تشیع سے کوئی تعلق نہیں۔

عقائد تشیع وہی ہیں جو قرآن الحکیم اور اہل بیت محمد کی تعلیمات میں پیش کردہ ہیں، خود ساختہ عقائد مذہب حقہ کی توہین اور اسلام کی نفی کے مترادف ہے، جس کی نیم خواندہ مقررین اور چندنام نہاد ذاکرین کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اجلاس سے خطاب میں قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے تشیع کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والے بے بنیاد پراپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ تشیع اسلام کی بہترین تعبیر کا نام اور کھلی کتاب ہے،جس کا شر ک اور غلو سے کوئی تعلق نہیں۔

ہم شیعہ ہیں، نصیری نہیں۔ملی وحدت کو نقصان پہنچائے بغیر عقائد تشیع کو مسخ کرنے کے خلاف منظم مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی شیعہ کے خلاف ہونے والی سازشوں کا اتحاد امت کے ذریعے مقابلہ کیا ، اب بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :