Live Updates

شریف خاندان اور نجم سیٹھی کا گٹھ جوڑ کرکٹ میں جوئے اور سٹہ بازی کا ذمہ دار ہے،پی ٹی آئی

شرجیل اور خالد لطیف کے ساتھ نجم سیٹھی کو بھی شامل تفتیش کرنے اور انکے مستعفی ہونے کامطالبہ

پیر 27 مارچ 2017 23:46

شریف خاندان اور نجم سیٹھی کا گٹھ جوڑ  کرکٹ میں جوئے اور سٹہ بازی کا ذمہ ..
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے شریف خاندان اور نجم سیٹھی کے گٹھ جوڑ کو کرکٹ میں جوئے اور سٹہ بازی کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے ۔مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق نے شرجیل اور خالد لطیف کے ساتھ نجم سیٹھی کو بھی شامل تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں ہر بڑی برائی کے تانے بانے شریف خاندان سے ملتے ہیں۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ بے پناہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کے بعد کرکٹ میں سپاٹ فکسنگ جیسی لعنت کی سرپرستی بھی شریف خاندان ہی کر رہا ہے۔کرکٹ میں جوئے اور سٹے بازی کی لعنت کے فروغ میں شہباز شریف کے داماد کا نام برملا لیا جا رہا ہے۔نجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ پر خاص مقاصد سرانجام دینے کیلئے مسلط کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے کہا کہ کامیابی سے فراڈ کرنا اور چقمہ دینا نجم سیٹھی کی حقیقی مہارت ہے۔

الیکشنز میں نجم سیٹھی نے اپنی مہارت سے دھاندلی کروائی،اب نجم سیٹھی شریف خاندان کی ایمائ پر کرکٹ میں جوئے اور سٹے بازی کو فروغ دے رہے ہیں۔نجم سیٹھی کا ہدف بکیوں کو قانون کی دسترس سے محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض کھلاڑیوں کو قربانی کا بکرا بنا کر نجم سیٹھی شہباز شریف کے داماد اور اسکے نیٹ ورک کو بچانے کیلئے کوشاں ہیں ۔نواز شریف کے ساتھ شہباز شریف کے جرائم کی فہرست بھی طویل ہو رہی ہے۔

پاکستان کو چوری، کرپشن، دغا بازی اور جوئے جیسی لعنتوں سے بچانے کیلئے نواز، شہباز اور سیٹھی کا احتساب ناگزیر ہے۔دریں اثناء پی ٹی آئی کے رہنماء عمران اسماعیل نے نجم سیٹھی کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں فوری طور پر کرکٹ بورڈ سے الگ ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ کا شمار پاکستان کے ان چند کھیلوں میں ہوتا ہے جنہیں قومی سطح کی پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔

نوے کی دہائی میں حاصل کئے گئے اس سنگ میل کے بعد قومی کرکٹ نے بہت سے نشیب و فراز کا سامنا کیا۔ آپ کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تقرری نے کرکٹ میں بہتری کے امکان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔عدالت عظمیٰ کی مداخلت کے باعث آپ پر پی سی بی کی سربراہی کا دروازہ بند کیا گیا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آپ نے عدالتی منشائ پر سرِتسلیم خم کرنے کی بجائے اپنے سیاسی آقاؤں کے ذریعے قومی کرکٹ میں ناگوار مداخلت کیلئے ہٹ دھرمی پر مبنی ترکیب نکالی۔

قومی کرکٹ کے مالی و انتظامی معاملات میں آپ کی ناقابل جواز حد تک دلچسپی نے قوم میں گہری تشویش کو جنم دیا۔ آپ کی جانب سے مسلسل گزارشات کے باعث آپ کو کرکٹ کی اصلاح کا موقع دیا گیا۔ آپ قومی کرکٹ کی اصلاح میں مکمل ناکام رہے۔آپ قومی کرکٹ میں تباہی کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔ آپ کی موجودگی میں قومی کرکٹ غیر اخلاقی و غیر قانونی سرگرمیوں کی لپیٹ میں ہے۔

قومی کھلاڑیوں میں جوئے اور سٹہ بازی ایسے مہلک ترین رجحانات ہی فروغ پارہے ہیں۔عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آپ سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں چند کھلاڑیوں کو قربانی کا بکرا بنا کر اصل ذمہ داروں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ آپ حکمران خاندان سے ذاتی مراسم کو قومی مفادات پر ہمیشہ سے ترجیح دیتے آئے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے داماد کی جانب سے جوئے اور سٹے کے ناقابل تردید شواہد کی آزادانہ تحقیقات کیلئے آپ نے اب تک کوئی قابل ذکر قدم نہیں اٹھایا۔

مئی 2013 کے انتخابات کیطرح آپ کرکٹ میں شریف خاندان کے مفادات اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کو کسی قسم کی زک پہنچنے سے مکمل محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔آپ نے پی ایس ایل کے دوسرے دور میں شفافیت کی دھجیاں آڑائیں اور اسے کرکٹ کی بہتری کی بجائے جوئے اور سٹے بازی کے ایک بہترین وسیلے کے طور پر استعمال کیا۔آپ کرکٹ سے غیر اخلاقی رجحانات کے خاتمے نہیں چاہتے بلکہ اسے کھیل کی بجائے جرائم پیشہ افراد کیلئے کالا دھن کمانے کا ایک سرکاری وسیلہ بنانا چاہتے ہیں۔

آپ کا پاکستان کرکٹ بورڈ کیساتھ کسی بھی حیثیت میں جڑے رہنا نہ تو کرکٹ کے مفاد میں ہے اور نہ ہی قوم کو یہ گوارا ہے۔اپنی حقیقت کھل جانے کے بعد آپ اپنے دونوں عہدوں سے مستعفیٰ ہوں۔ آپ جوئے کے مرتکب کھلاڑیوں کیساتھ خود کو آزادانہ تحقیقات کیلئے پیش کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات