نوشہرہ کینٹ: امریکی نومنتخب صدر ٹرمپ نے ہماری مشکل آسان کردی ہے،مولانا سمیع الحق

مسلمانوں اور عالم اسلام کے بارے میں ان کے اقدامات اور بیانات نے امریکہ اور مغربی اقوام کا اسلام کے بارے میں اصل اور مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے، جمعیت علماء اسلام (س )کے سربراہ کا خطاب

پیر 27 مارچ 2017 23:42

نوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) دفاع پاکستان کونسل اور جمعیت علماء اسلام (س )کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ امریکی نومنتخب صدر ٹرمپ نے ہماری مشکل آسان کردی ہے، مسلمانوں اور عالم اسلام کے بارے میں ان کے اقدامات اور بیانات نے امریکہ اور مغربی اقوام کا اسلام کے بارے میں اصل اور مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے ہمارے ہاں کے روشن خیال لبرل اورسیکولر طبقے مغرب او رامریکہ کے اصل عزائم سے بے خبر ہوکر ان کے دفاع کرتے ہیں،مجھے خوشی ہوگی کہ مسٹر ٹرمپ مزید کھل کر اپنے عزائم بے نقاب کریں، مولانا سمیع الحق یہاں اضاخیل بالا کے ایک دینی مدرسہ جامعہ ابن مسعود میں جلسہ دستار بندی اور تقسیم انعامات سے خطاب کررہے تھے، مولانا سمیع الحق نے کہاکہ دینی مدارس سے مسلمانوں کا تشخص اور اسلامی شعور زندہ ہے،اس شعور،خودداری ،جذبہ حریت، اور اپنے تہذیب اور مذہب کا دفاع ہی مسلمانوں کا اصل سرمایہ ہے، جوان مدارس کے تعلیم کا مرہون منت ہے، مغرب کو ہی چیز کھٹک رہی ہے اوروہ مدارس کا نظام تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے،ہمارے ہاں کے دینی حمیت اور غیرت اسلامی سے عاری حکمران انہی کے ایجنڈے پر کارفرما ہیں، اور نام نہاد دہشت گردی کا سارا ملبہ دینی مدارس اور جہاد پر ڈال رہے ہیں، حالانکہ اسی جذبہ جہاد و حریت نے پچھلے سوسال کے قلیل مدت میں برطانوی سامراج اورسوویت یونین کے سرخ سامراج اوراب دنیا کے سب سے بڑے سامراجی طاقت امریکہ کا بت توڑ کر مسلمانوں کو فتح سے ہمکنار کیا ہے۔

(جاری ہے)

مدارس خانقاہوں سے وابستہ افراد ،ائمہ کرام ،خطباء اساتذہ وطلبہ سب دہشت گرد نظرآرہے ہیں،جبکہ اس امت کا اصل سرمایہ یہی افراد اور ادارے ہیں، ننگ دین،ننگ ملت حکمرانوں کا بس چلے تو چاندی کے پلیٹ میں اپنی غیرت مذہب اور آزادی کو بھی اسلام دشمنوں کے قدموں میں رکھ دیں،اجماع سے مولانا حمد اللہ جان ڈاگئی،مولانا مغفور اللہ ،مولانا انوار الحق حقانی، مولانا عبدالحلیم دیربابا،مہتمم ادارہ مولانا عبدالغنی اوردیگر نے بھی خطاب کیا اور فارغ التحصیل طلبہ کی دستاربندی کی۔

متعلقہ عنوان :