پتوکی, ڈکیتی ، رابری، قتل و ناجائز اسلحہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو یونس عرف جو ساتھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک

پیر 27 مارچ 2017 23:33

پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) ڈکیتی ، رابری، قتل ور اسلحہ ناجائز کی21 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ خطرناک ڈاکو یونس عرف جونی جس نے چار روز قبل بخشی خانہ پتوکی سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی تھانہ صدر پتوکی کے علاقہ جمشیر چک 24 کے قریب دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا،حملہ آور 5ملزمان فرار۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات تھانہ سٹی پتوکی پولیس زیر حراست خطرناک ڈاکو یونس عرف جونی جو کہ جسمانی ریمانڈ پر تھا سے انٹیروگیشن و انکشافات کے بعد ساتھی ملزمان کی گرفتاری اور بخشی خانہ پتوکی سے فرار ہوتے وقت چھینی گئی سرکاری رائفل کی برآمد گی کے سلسلہ میں سرائے مغل کے علاقہ سرسنگھ سے سرکاری رائفل برآمد کر کے تھانہ میں واپس آرہے تھے کہ جمشیر چک 24علاقہ تھانہ صدر پتوکی کے قریب تین موٹرسائیکلوں پر سوار 5کس زیر حراست ملزم کے ساتھیوں نے پولیس حراست سے چھڑانے کی غرض سے پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں زیر حراست ملزم یونس عرف جونی شدید زخمی ہوگیا پولیس پارٹی نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت فائر کیے لیکن ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ جانے میں کامیاب ہوگئے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے موقعہ سے ایک عدد پسٹل اور موٹرسائیکل بھی برآمد کیا۔ شدید زخمی حالت میں زیر حراست ملزم کو ہسپتال لیجایا جار ہا تھا کہ راستہ میں ہی دم توڑ گیاجو اپنے ہی ساتھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلا ک ہوگیا۔ تھانہ صدر پتوکی پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔