کراچی: رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایف بی آر کی مجموعی ٹیکس وصولیوں میں 7.6 فیصد کا اضافہ ہوا ،رپورٹ

پیر 27 مارچ 2017 23:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) رواں مالی سال 2016-17ء کے پہلے 7 ماہ میں جولائی تا جنوری کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مجموعی ٹیکس وصولیوں میں 7.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا جنوری 2016-17ء کے دوران 1.692 کھرب روپے کے ٹیکس وصول کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ایف بی آر نے 1.573 کھرب روپے کے ٹیکس وصول کئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران براہ راست ٹیکسز کی مد میں 669 ارب روپے وصول کئے گئے تھے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری 2015-16ء کے دوران ایف بی آر نے ڈائریکٹ ٹیکسز کی مد میں 605 ارب روپے کی وصولیاں کی تھیں اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 7 مہینوں کے دوران براہ راست ٹیکسز کی مد میں وصولیوں کی شرح میں 10.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔