آصف علی زرداری نے مفاہمتی سیاست کو خیر بار کہہ دیا

اب جارحانہ اننگز کھیلیں گے، بلاول مکمل بااختیار ہے بلاول کی جوانی اور میرا تجربہ پارٹی کو پھر اقتدار میں لائے گا،زرداری کا اجلاس سے خطاب پیپلزپارٹی کا چوہدری نثار کے حلقے میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ

پیر 27 مارچ 2017 23:30

آصف علی زرداری نے مفاہمتی سیاست کو خیر بار کہہ دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حلقے میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کرلیا‘ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بلاول مکمل بااختیار ہے بلاول کی جوانی اور میرا تجربہ پارٹی کو پھر اقتدار میں لائے گا۔ مفاہمت کی سیاست کو خیرباد کہہ دیا اب جارحانہ اننگز کھیلیں گے۔ پیر کے روز بلاول ہائوس لاہور میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس میں قمر زمان کائرہ ‘ افضل ندیم چند سمیت دیگر اہم رہنمائوں اور پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے تیاریوں اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے کارکنوں کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حلقے چکری میں سیاسی طاقت کا مظاہرے کرنے کیلئے تیاریوں کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

جلسے میں بلاول بھٹو‘ آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو پارتی کی قیادت احسن طریقے سے ادا کررہے ہیں اور وہ مکمل طور پر بااختیار ہیں۔ بلول کی جوانی اور میرا تجربہ پیپلزپارٹی کو ایک بار پھر اقتدار کے ایوان میں لے کر جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چار سال جمہوریت کیلئے سیاسی مصالحت کرکے دیکھ لی اب مفاہمت کی سیاست کو مکمل طور پر خیر باد کہہ دیا ہے۔ پیپلزپارٹی آخری سال جارحانہ اننگز کھیلیں گے اپنے مخالفین ن لیگ اور پی ٹی آئی کے حملوں کا جارحانہ سیاسی جواب دیں گے۔ (عابد شاہ)