پیپلز پارٹی ماضی کا باب ہے قوم تکلیف دہ ماضی سے نجات حاصل کرنے کا مصمم ارادہ کرچکی ہے،علی اکبر گجر

پیر 27 مارچ 2017 23:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ دھمکیاں اور بڑھکیں سندھ کے عوام کو مسلم لیگ(ن) سے دور نہیں کر سکتیں عوام کو دھوکا دینے کی کوششیں کرنے کی بجائے سندھ کی حکمران جماعت صوبے کے عوام کو بتائے کہ ایک دہائی سے زیادہ سندھ پر حکمرانی میں صوبے کے لئے کیا خدمات انجام دی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ماضی کا باب ہے قوم تکلیف دہ ماضی سے نجات حاصل کرنے کا مصمم ارادہ کرچکی ہے۔عوام سندھ کے حکمرانوں سے بیزار آچکے ہیں پیپلز پارٹی کی تیسری لائن کی قیادت کے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے خلاف بیانات کی توپیں بہت جلد خاموش ہوجائیں گی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کو دھمکیاں دینے والے بار بار عوام کی عدالت سے مسترد کئے جا چکے ہیں پنجاب ، کے پی کے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج پیپلز پارٹی کے لئے عوام کو خاموش پیغام تھے عوام کی مایوسی آئندہ انتخابات میں سندھ کے ووٹرز کا فیصلہ بھی تبدیل کرے گی۔

(جاری ہے)

پا کستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں پیپلز پارتی نے سندھ میں سرکاری وسائل سے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ملک کے باقی تمام حصوں میں پیپلز پارٹی کو تاریخ کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے جبر اور آمریت کی زنجیروں کو توڑ کر عوام کا اعتماد حاصل کیا اور آئندہ اپنی مثالی خدمات کی بنیاد پر ملک بھر میں کامیابیاں سمیٹے گی۔

سیاسی میدان سے مکمل صفایا ہونے کے خوف سے پیپلز پارٹی کے رہنما بوکھلا گئے ہیں۔ ہتھکڑیوں کا رونا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے قوم جانتی ہے کہ گذشتہ انتخابات میں عوام کے سامنے پیپلز پارٹی کی پانچ سالہ کرپٹ حکمرانی کی تلخ یادیں تھیں جس کی وجہ سے عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کیا اور آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی سندھ کی سیاست سے بھی آ?ٹ ہوگی۔

متعلقہ عنوان :