سیالکوٹ، آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کلین سویپ کرے گی،وائس چیئرمین

پیر 27 مارچ 2017 23:11

سیالکوٹ۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) وائس چیئرمین ضلع کونسل سیالکوٹ چوہدری رضا سبحانی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کلین سویپ کرے گی ۔ قومی وسائل لوٹنے والوں کو عوام عبرت کا نشان بنا دیں گے ۔ انتخابی مہم کا آغاز جھوٹ سے کرنے والے شکست سے دوچار ہوں گے ۔ محمد نواز شریف ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم منتخب ہو کر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے ۔

عوام کی بھرپور تائیدو حمایت کے ساتھ آئندہ دوبارہ کامیاب ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گوندل روڈ پر واقعہ مقامی سکول کی سالانہ تقریب نتائج و تقسیم انعامات کے سلسلہ میں طلباء و طالبات اور ان کے والدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سکول پرنسپل چوہدری بابر صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

ترقی حاصل کرنے والی قوموں نے تعلیم کے میدان میں ہنگامی اقدامات کر کے ترقی حاصل کی ہے اور ہمارے معاشرے میں تعلیم کا نظام خراب ہونے کی وجہ سے بے شمار بچے تعلیم حاصل نہیں کرپاتے جس کا نقصان ملک و قوم دونوں کو ہو رہا ہے ۔ پرائیویٹ تعلیمی ادارے حکومت کا ساتھ دے رہیں ہیں اور عوام کو بہتر اور جدید سہولیات فراہم کر کے معاشرے میں تعلیم عام کی جا رہی ہے ۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی ، رکن صوبائی اسمبلی رانا اقبال ہرناہ ،صدر حلقہ پی پی121 رانا عارف ہرناہ ، ایم ایل اے چوہدری محمد اسحاق ،سینئر لیگی رہنما چوہدری لطیف چاند و دیگر موجود تھے ۔بعدازاں مہمانان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :