زیر تفتیش مقدمات کے میرٹ پر چالان مرتب کرکے فوری عدالتوں کو بھجوائی جائیں، ڈی پی او خانیوال

پیر 27 مارچ 2017 23:09

خانیوال۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء)زیر تفتیش مقدمات کو فوری یکسو کرکے میرٹ پر چالان مرتب کرکے مجاز عدالتوں کو بھجوائیں تاکہ ملزمان کو سزا اور مدعی کو اس کا حق مل سکے، قیام امن کیلئے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے ۔رواں سال کے پہلے دو ماہ میں 21کریمنل گینگزکے 71ملزمان کو گرفتا ر کرکے ان سے لوٹا گیا بھاری مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرکے متاثرین کو واپس دلوایا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہانزیب نذیر خان نے صحافیوں اور پولیس افسران سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوں نے کہاکہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لیے ہنگامی بنیادو ںپر کام کیا گیا ہے او رپولیس کو پابند کیا گیا ہے کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ان پر یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو پولیس آفیسر کی بجائے عوام کا خادم سمجھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ پولیس افسران ایمانداری اور خلوص نیت سے اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے ۔انہو ںنے کہاکہ خانیوال شہر کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں جس سے ناصرف جرائم پیشہ عناصر کو گرفتا رکرکے جیل کی سلاخوں میں ڈالا گیا بلکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے یہی وجہ ہے ضلع خانیوال میں جرائم کی شرح کافی حد تک کم ہوئی ۔

ڈی پی او نے کہاکہ خانیوال پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ کیلئے اپنی معمول کی مہم کے دوران رواں سال کے پہلے دو ماہ میں کریمنل گینگز میں ملوث 71ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے لوٹا گیا 1کڑور 75لاکھ 60ہزار 200روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرکے متاثرین کو واپس دلوایا کیونکہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی ۔

ڈی پی او نے مزید بتایا کہ ضلع بھر کی پولیس پر واضح کیا گیا ہے کہ وہ تھانہ پر آنیوالے سائلین کے مسائل کو خندہ پیشانی سے سن کرمیرٹ پر حل کریں اس سلسلہ میں وہ خود بھی روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنتے ہیں اور ان کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قانون کی بالا دستی اور امن کا قیام میری اولین ترجیحات ہیں او ران پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔