آپ کی قائم کردہ پراسکیوشن سروس اور کنزیومر کورٹس سے عام آدمی کو فائدہ ہوا

مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چودھری پرویزالٰہی سے جنوبی پنجاب کے وکلا عہدیداروں کی ملاقات میں گفتگو موجودہ حکومت نے وکلا کے مفت سرکاری علاج کی سہولت بند کر دی جو عدلیہ سے بحال کرانا پڑی،شیر زمان قریشی ایڈووکیٹ صدر ہائیکورٹ بار ملتان، ڈسٹرکٹ بار ملتان کے صدر یوسف زبیر

پیر 27 مارچ 2017 23:08

لاہور/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملتان اور جنوبی پنجاب کی دیگر بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور ممتاز وکلا نے ملاقات کی۔ صدر ہائیکورٹ بار ملتان شیر زمان قریشی ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ بار ملتان کے صدر یوسف زبیر اور دیگر وکلا نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ آپ کی حکومت کی قائم کردہ پراسکیوشن سروس اور کنزیومر کورٹس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچا، فوری اور سستا انصاف ملا اور قانون کی گرفت مضبوط ہوئی، شہبازشریف نے آتے ہی آپ کی جانب سے وکلا کو فراہم کردہ فری اور فوری سرکاری علاج کی سہولت بند کر دی جو ہمیں عدلیہ سے بحال کرانا پڑی۔

وکلا کے منتخب نمائندوں کا مزید کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین اور آپ کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ وکلا کا ساتھ دیا، آپ کی حکومت میں وکلا کو جو انقلابی اور مثالی سہولتیں دی گئیں اور عام و غریب آدمی کیلئے جو موثر، فوری اور عملی اقدامات کیے گئے وہ ناقابل فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وکلا برادری نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے ہمارے اقدامات میں ان کا کردار بڑا اہم ہے۔

ملتان اور جنوبی پنجاب کی دیگر بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں جس طرح پاکستان مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے وکلا کو کامیاب بنایا اس کیلئے ہم دلی طور پر ان کے مشکور ہیں۔ ملاقات میں سابق صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ اور نادر دُگل ایڈووکیٹ بھی موجود تھے جبکہ وکلا کے وفد میں ڈسٹرکٹ بار ملتان کے صدر یوسف زبیر، نائب صدر عبدالستار ملک، جنرل سیکرٹری انیس مہدی، اطہر شاہ بخاری، محسن الحق، اے ڈی کاشف، مہر اقبال، شہزاد حسن بلوچ، چودھری زاہد ارائیں، لیہ بار کے صدر ملک عامر، مہر فیاض چودھری، تنویر احمد گجر، شجاع آباد اور بھکر ڈسٹرکٹ بار سے شیر زمان قریشی، رانا طفیل خان نون، رانا عمر فاروق، ملک شاہد گھلو، ملک کاشف، ملک منور جھکڑ، مہر خرم اور دیگر وکلا موجود تھے۔

ڈسٹرکٹ بار ملتان کے عہدیداروں نے چودھری پرویزالٰہی کو بار سے خطاب کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ محمد یوسف زبیر نے مزید کہا کہ وکلا برادری ہمیشہ چودھری پرویزالٰہی کی اولین ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے صوبے کی ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل بار کو وافر فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی، وکلا برادری کیلئے صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں فری اور فوری علاج کے ساتھ ساتھ الگ کائونٹر بنائے، تمام قانونی دستاویزات رجسٹریاں وغیرہ کی ڈرافٹنگ کیلئے وکیل کی شرط لازمی رکھی، تمام اضلاع میں جوڈیشل کمپلیکس قائم کیے، وکلا کیلئے مختلف اضلاع میں رہائشی کالونیز بنائیں، تمام سرکاری ڈیپارٹمنٹس میں لائق اور اہل لیگل ایڈوائزرز تعینات کیے۔

متعلقہ عنوان :