کوہاٹ ، ٹریفک پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے پر ایم پی اے گل صاحب خان کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

پیر 27 مارچ 2017 23:05

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) کوہاٹ میں ٹریفک پولیس اہلکاروں سے دوران ڈیوٹی مزاحمت کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر ایم پی اے گل صاحب خان کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈی پی او گھوٹکی مسعود بنگش کی شادی کے ولیمہ کے موقع پر ڈیفنس کالونی میں ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں سے الجھ کر ایم پی اے گل صاحب خان کے بھائی شکیل نے طیش میں آکر گالم گلوج اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے کار سرکار میں مداخلت شروع کی اور انہیں جائے ڈیوٹی سے فوری طور پر چلے جانے کا کہہ کر اہلکاروں کو دھکے دئیے۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں سے دوران ڈیوٹی مزاحمت کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جاوید اقبال کے حکم پر پولیس تھانہ چھائونی میں ملزم شکیل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تھانہ چھائونی میں درج مقدمے میں پولیس اہلکاروں پر حملہ آور ہونے،کار سرکار میں مزاحمت و مداخلت کرنے اور سنگین نتائج سے ڈرانے دھمکانے کے دفعات شامل کئے گئے ہیں۔واقعہ کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا جسکی گرفتاری اور مزید قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس نے کاروائی شروع کردی ہے۔پولیس ذرائع کے بقول قبل ازیں ملزم کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرچالان کیا گیا تھا جسکا ملزم کو رنج تھااور وقوعہ کے روز آتے ہی وہ ٹریفک پولیس اہلکاروں پر برس پڑا۔

متعلقہ عنوان :