وفاقی حکومت کے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں سے سندھ سمیت ملک بھر میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا

وزیراعظم محمد نواز شریف کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے وفد سے گفتگو

پیر 27 مارچ 2017 22:53

وفاقی حکومت کے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں سے سندھ سمیت ملک بھر میں ترقی ..
حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں سے صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے یہ بات مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر راحیلہ مگسی کی رہائش گاہ پر دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے سندھ میں کئی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں جن کی تکمیل سے صوبہ کے عوام کو سہولت ملے گی۔ رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ارکان پارلیمان کے وفد نے وزیراعظم کو حیدر آباد کے شہریوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے اس تاریخی شہر کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

میئر حیدر آباد سید طیب حسین نے بھی وزیراعظم کو حیدر آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی طرف سے شہر کی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم سے اس مقصد کے لئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کرنے کی درخواست کی۔ حیدر آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ضیاء الدین کی قیادت میں اور حیدر آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے وفد نے محمد امین کھتری کی قیادت میں وزیراعظم کو حیدر آباد کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔

حیدر آباد پریس کلب کے وفد نے سینئر صحافیوں علی حسن اور لالہ رحمان سموں کی قیادت میں جرنلسٹ ہائوسنگ سکیم کے مسئلہ سے آگاہ کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ اراضی کے اندراج کے لئے وفاقی ٹیکسوں کی چھوٹ دی جائے۔ مسلم لیگ (ن) حیدر آباد کے وفد نے سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر حسین انصاری کی قیادت میں وزیراعظم کو پارٹی کے تنظیمی امور اور سندھ کے دوسرے بڑے شہر کے لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حیدر آباد کے لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے فنڈز سے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقہ میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر نہال ہاشمی اور دیگر رہنمائوں سینیٹر سلیم ضیاء، ممتاز بھٹو، غوث بخش مہر، سید اعجاز حسین شاہ شیرازی، سید شفقت حسین شاہ شیرازی اور سید ظفر علی شاہ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں سندھ کے عوام کو درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر دیگر کے علاوہ گورنر سندھ محمد زبیر، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور آصف کرمانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :