بر صغیر پاک وہند میں دین اسلام علمائے کرام اورپیران عظام نے پھیلایا، حضرت معین الدین محبوب کوریجہ

پیر 27 مارچ 2017 22:51

بر صغیر پاک وہند میں دین اسلام علمائے کرام اورپیران عظام نے پھیلایا، ..
اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) برصغیر پاک وہند میں دین اسلام علمائے کرام اورپیران عظام کی وجہ سے پھیلا ، لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں مسلمان اس عظمت سے فیضیاب ہوئے ، آج باطل کا غلبہ ہے اور مغربی طاقتیں ہم پر مسلط ہیں تمام گدی نشینوں، سجادہ نشینوں، علماء کرام ، مشائخ عظام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر مخالف قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے موجودہ حالت میں باہمی اتحادپر زور دیا ہے جو وقت کی اہمت ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین کوٹ مٹھن شریف حضرت معین الدین محبوب کوریجہ نے مقامی ہوٹل میں جماعت اسلامی ضلع اٹک کے زیر اہتمام منعقدہ علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب میں کیا ، کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک چیئرمین یوسی شینکہ مولانا جابر علی خان ، گدی نشین آمدہ ملتان پیر سید برھان الدین عثمانی ، اقبال خان ، حافظ محمد جنید نے بھی خطاب کیا ، حضرت معین الدین محبوب کوریجہ نے کہا کہ موجودہ دور میں برائی اور بے حیائی عام ہو چکی ہے جماعت اسلامی نے پوری امت کو متحد کرنے کا جو عزم کیا ہے اس سے خوشحال اسلامی ریاست کے خدو خال واضح ہو نگے، انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان اندرون خانہ دہشت گردی کی وجہ سے تباہ ہو جائے آج حالا ت سب کے سامنے ہیں، ہمیں ایک دوسرے پر تنقید کی بجائے عملی طور پر اس کی روک تھام کے لئے قدم اٹھانا ہو گا۔

(جاری ہے)

افسوس ہے کہ دہشت گردی کی وجہ سے کوئی ادارہ ، عبادت گاہ، مزارات محفوظ نہیں ہیں چند ماہ قبل سہون شریف دربار میں 100زائد افراد دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے، درباروں پر کسی کی پابندی نہیں ہے ہر ایک جانے کا آزادانہ حق ہے، درباروں پر تنقید کرنے والے کسی طور مخلص نہیں ہو سکتے، درباروں پر تنقید کرنے والوں کو ہماری دعوت ہے کہ ہم سے مناظرہ کر لیں حضرت معین الدین اجمیری نے اپنے ادوار میں زیادہ ہندئوں کو مسلمان کیا اور دائرہ اسلام کے اندر داخل کیا ، گدی نشینو ں کے دربار اور علماء کرام کی محفل امن کا گہوارہ ہیں ، ہمارا مقصد نظام مصطفٰی کا رائج کرنا ہے،پاکستان سیکجائی استحکام اور محبت کی علامت ہے ، صوفیائے کرام کے مزارات ملک کے لئے بائنڈنگ فورس ہیں، کانفرنس میں مختلف جماعتوں کے علماء کرام و مشائخ عظام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔